سرینگر: کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے سوپور حملے میں سیکورٹی چوک کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی ہوتی تو دونوں جنگجوؤں کو مارا جاسکتا تھا اور وہ یہ واقعہ انجام دینے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔واضح رہے کہ شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں پیر کے روز جنگجوؤں نے میونسپل دفتر میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو میونسپل کونسلرز اور ایک ایس پی او ہلاک ہوئے ۔آئی جی پی نے کہا کہ وہاں موجود چاروں پی ایس اوز کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جنگجوؤں کے ایک اعانت کار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سیکورٹی کے لحاظ سے خامیوں کو دور کیا جائے گا اور پی ایس اوز کو مزید تربیت دی جائے گی۔موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں واقع آر ٹی سی میں لاوے پورہ واقعے میں زخمی ہو کر گزشتہ شب دم توڑنے والے سی آر پی ایف اہلکار کی میت پر پھول مالا چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے ۔
