جوانی میں ہی حج کرلیں :بابراعظم

   

ریاض ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حج کے حوالے سے اپنا تجربہ بیان کیا ہے ۔ بابر اعظم نے مسلمانوں سے اس فریضے کو جوانی میں ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان واپسی پرگھر جاتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ نیت صد فیصد رکھیں بلاوا آہی جاتا ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ جوانی میں ہی حج کرلیں جتنی دیرکریں گے اتنا مشکل ہوگا، میرا پہلا حج تھا مجھے بہت مزہ آیا، میرا تجربہ اچھا رہا، وہاں کافی چیزیں سیکھنے کو ملیں، یہ نہیں ہے کہ حج صرف اپنے لیے کرنا ہے، حج اللّٰہ کے لیے اور اسے راضی کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ بابر اعظم نے حج پر موجود بزرگوں کی ہمت کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف یہ تھا کہ اللّٰہ کو راضی کرنا ہے، ان لوگوں کو دیکھ کر مجھے حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے تو ٹھیک تھا کیونکہ ہم اتنی گرمی میں کھیلتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال بابر اعظم نے والدہ کے ہمراہ جبکہ محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد اور فہیم اشرف نے بھی حج کی سعادت حاصل کی ہے۔ بابر اعظم کی حج کی ادائیگی کے دوران مختلف ارکان ادا کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئیں جنہیں اْن کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔ بابر اعظم کی رمی کرتے ہوئے، یعنی شیطان کو کنکریاں مارتے ہوئے ویڈیو وائرل ہے۔ اس ویڈیو میں بابر اعظم کو خوشی خوشی شیطان کوکنکریاں مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔