جوان کے پہلے گانے زندہ بندہ کو مداحوں کا بہتر ردعمل

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی سب سے زیادہ منتظر فلم جوان کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اب مداحوں کیلئے فلم بنانے والوں نے جوان کا زندہ بندہ پہلا گانا ریلیزکردیا ہے۔ اس گانے میں شاہ رخ خان اپنے زبردست انداز اور ڈانس سے مداحوں کے ہوش اڑا رہے ہیں۔ اس گانے کو جہاں انیرودھ روی چندر نے اپنی آواز دی ہے وہیں اس گانے کی کمپوزنگ بھی کی ہے۔ زندہ بندہ گانے کے بول ارشاد کامل نے لکھے ہیں۔ اس گانے کے آغاز میں شاہ رخ خان اپنی زوردار آواز میں ڈائیلاگ بولتے نظر آرہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے پہلے گانے زندہ بندہ کے بنانے والوں نے پانی کی طرح پیسہ خرچ کیا ہے۔ ایٹلی کمارکی ہدایت کاری میں بننے والے جوان کے اس گانے کو بنانے میں 15 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ گانے میں شاہ رخ خان 1000 ڈانسرزکے ساتھ ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو اس گانے کی شوٹنگ چنئی میں پورے پانچ دن تک کی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کے اس گانے کو بہت ہی شاندار پیمانے پر بنایا گیا ہے ۔ نینتھارا اور وجے سیتھوپتی اسٹارر فلم جوان کے پہلے گانے کو پسند کر رہے ہیںلوگ اس گانے میں شاہ رخ خان کے ڈانس اور دلکشی کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ شاہ رخ کا کوئی مقابلہ نہیں، لیکن ان کی رومانوی فلموں کا دور ہی کچھ اور تھا۔ تو وہیں ایک اور صارف نے لکھا کہ شاہ رخ خان اس گانے میں شاندار لگ رہے ہیں‘۔ زندہ بندہ گانے کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ایک اور صارف نے لکھا، 90 کے دہے کا بالی ووڈ واپس آگیا ہے۔ خالص ہندی گانا۔یادرہے کہ ایٹلی کمارکی ہدایت کاری میں بننے والی شاہ رخ خان کی فلم جوان 7 ستمبر کو باکس آفس پر دھوم مچاتی نظر آئے گی۔