جواہرا ت کی دکان میں سرقہ کرنے والا سارق گرفتار

   

مسروقہ زیورات ضبط ، اے سی پی پنجہ گٹہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /17 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) جواہرات کی دوکان میں سرقہ کرنے والے ملازم کو پنجہ گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ مسٹر تروپتنا کے مطابق پولیس نے 30 سالہ کے بھاسکر ساکن پاٹی گڈہ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق بھاسکر گریجویشن کی تکمیل کے بعد مختلف کمپنیوں میں کام کر چکا ہے ۔ جاریہ سال 26 اگست کے دن اس نے اخبار میں واک ان انٹرویو کا اشتہار دیکھ کر انٹرویو میں شریک ہوا اور اس نے پنجہ گٹہ علاقہ میں واقع کرشنا پرلز میں ملازمت اختیار کرلی ۔ ماہانہ 18 ہزار روپئے تنخواہ پر اس نے ملازمت اختیار کرلی ۔ تاہم بری عادتوں کا شکار اس شخص کیلئے تنخواہ کی رقم کافی نہیں ہوئی اور اس نے جواہرات کی دوکان جہاں وہ کام کرتا تھا ۔ اس نے سرقہ کا منصوبہ تیار کیا اور اصل جواہرات کی جگہ نقلی جواہرات کو رکھتے ہوئے اصلی جواہرات کا سرقہ کرنے کی کوشش میں تھا ۔ منصوبہ پر عمل کرنے کیلئے بھاسکر موقع کی تلاش میں تھا اور اس نے گیارہ ستمبر کے دن گلے کی ایک طلائی چین 35.500 گرام اور ایک طلائی براسلیٹ 31.900 گرام بتائی جاتی ہے کا سرقہ کرلیا ۔ ان اصلی زیورات کی جگہ اس نے نقلی رکھ دئے اور چند روز بعد ملازمت چھوڑ دی اور دوسری ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ اسی دوران اس نے امیرپیٹ میتھوڈ فینانس میں 50 ہزار روپئے کیلئے ایک چین اور سکندرآباد مناپورم میں 75 ہزار روپئے کے عوض براسلیٹ کو رہن رکھ دیا اور اس رقم سے عیش کر رہا تھا کہ پنجہ گٹہ کرائم ٹیم کے ناگیا انسپکٹر اور شیخ شفیع سب انسپکٹر نے بھاسکر کو گرفتار کرلیا ۔