نئی دہلی، 11 نومبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بھوٹان کے دورے نے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے 1958 کے اس تاریخی دورے کی یاد دلا دی جب وہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے یاک اور ٹٹو پر سوار ہو کر پانچ دنوں میں پارو پہنچے تھے ۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے 67 سال پہلے پنڈت نہرو کے دورہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پانچ دنوں میں 50 کلومیٹر کا ان کا سفر انتہائی چیلنجنگ تھا۔ یہ سفر ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان خصوصی سفارتی تعلقات کی بنیاد بنا اور دونوں ممالک کے تعلقات آج اسی بنیاد پر مضبوطی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ رمیش نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا، “وزیر اعظم آج بھوٹان میں ہیں۔ 67 سال پہلے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم نے بھوٹان کا سب سے غیر معمولی دورہ کیا تھا۔ ان کے ساتھ اندرا گاندھی اورجگت مہتا، ناری رستم جی اور آپا پنت جیسے کچھ عہدیدار پہلے باگڈوگرا پرواز سے پہنچے اور پھر گنگٹوک سے ناتھو- لا درہ تک سڑک کے ذریعہ گئے ۔ اس درے تک سڑک کی تعمیر ان ہی دنوں ہوئی تھی۔ ناتھو لا سے وفد یاک اور ٹٹووں کی سواری کرتے ہوئے 23 ستمبر 1958 کو پارو پہنچا۔ پانچ دن میں 50 کلامیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے انہوں نے کئی مقامات پر 15500 فٹ کی بلندی کو عبورکیا۔کانگریس لیڈر نے لکھا کہ اس دورے کے دوران پنڈت نہرو اور ان کی ٹیم نے پارو میں بھوٹانی حکام کے ساتھ میٹنگز اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لیا اور پانچ دن تک وہاں رہے ۔ اس کے بعد وہ پہلے کی طرح اسی راستے سے واپس لوٹ گئے ۔