جواہر نوودیا ودیالیاؤں میں پانچ سال کے دوران 49 طلبہ کی خودکشی

   

وزارت فروغ انسانی وسائل کو انسانی حقوق کمیشن کی نوٹس، اندرون چھ ہفتہ جواب طلب

نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی انسانی حقوق کمیشن نے 2013 اور 2017 ء کے دوران اقامتی جواہر نوودیا ودیالیہ اداروں میں بشمول دلتوں 49 طلبہ کی مبینہ خودکشیوں کے واقعات پر مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کو نوٹس روانہ کیا ہے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے منگل کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہاکہ اطلاعات کے مطابق بجز سات ماباقی تمام طلبہ نے پھانسی کے ذریعہ خودکشی کی تھی اور ان کی نعشیں ہم جماعت ساتھیوں یا پھر اسکول اسٹاف کو دستیاب ہوئی تھیں۔ انسانی حقوق ادارہ نے کہا ہے کہ اس کمیشن نے ان اخباری اطلاعات کا ازخود نوٹ لیا ہے کہ 2013 تا 2017 پانچ سال کے دوران اقامتی جواہر نوودیا ودیالیاؤں میں 49 طلبہ نے خودکشی کی ہے۔ جن میں تقریباً نصف تعداد دلت اور قبائیلی طلبہ کی ہے اور ان میں لڑکوں کی اکثریت ہے۔ کمیشن نے اس واقعہ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کے سکریٹری کے نام نوٹس جاری کی ہے۔ اس بات پر اندرون چھ ہفتہ جواب طلب کیا ہے کہ آیا ان کیمپسوں میں تربیت یافتہ کونسلرس موجود تھے جن سے سن بلوغیت میں قدم رکھنے والے طلبہ کچھ کھل کر بات چیت اور اپنے احساسات کا اظہار کرسکتے تھے۔ اس بات پر بھی معلومات طلب کی گئی ہیں کہ آیا طلبہ کو کلاس روم میں تنہا نہ چھوڑنے کو یقینی بنانے کے لئے وہاں ہمہ وقت مصروف اسٹاف تعینات تھا اور آیا خودکشی کے تدارک کے لئے ہاٹ لائن سرویس ٹیلی فون پر کونسلنگ کے ذریعہ ایسے طلبہ کو ہنگامی مدد حاصل تھی۔ کمیشن نے اس تاثر کا اظہار کیاکہ جواہر نوودیا ودیالیاؤں میں دیکھ بھال کی ذمہ داری دیہی پس منظر کے حامل ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو دی جائے۔ ایسے طلبہ ہی اس ملک کا مستقبل اور طاقت ہیں۔

جی ایس ٹی کی وصولی 94,726 کروڑ کم
نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈسمبر 2018 ء کے دوران جی ایس ٹی کی وصولی 94,726 کروڑ روپئے تک گھٹ گئی ہے جو اس سے ایک ماہ قبل وصول شدہ رقم 97,637 کروڑ روپئے سے کم ہے۔ وزارت فینانس نے اپنے بیان میں کہاکہ 30 ڈسمبر 2018 ء تک داخل کردہ جی ایس ٹی آر ۔ بی 3 یا فروخت کے حسابات کی مجموعی تعداد 72.44 لاکھ تھی۔ اگسٹ ۔ ستمبر کے دوران ریاستوں کے لئے جاری کردہ معاوضہ 11.922 کروڑ روپئے رہا۔ ڈسمبر میں وصول شدہ 94,726 کروڑ روپئے میں مرکزی جی ایس ٹی وصولی 16,442 کروڑ روپئے اور ریاستی جی ایس ٹی 22,459 کروڑ روپئے تھی۔
، مربوط جی ایس ٹی 47,936 کروڑ روپئے رہی اور سیس 7888 رہا۔ اپریل کے دوران سب سے زیادہ یعنی 1.03 لاکھ کروڑ جی ایس ٹی وصول کیا گیا تھا۔