میدک۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں کل منعقد ہونے والے جواہر نوودیہ ودیالیہ سلیکشن امتحان 2026 کے پیش نظر مجموعی طور پر چھ امتحانی مراکز کے اطراف سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ، آئی پی ایس نے بتایا کہ ہر امتحانی مرکز کے اطراف 500 میٹر کے دائرے میں 13 دسمبر 2025 کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک 163 BNSS (سابقہ 144 دفعہ جیسی پابندیاں) نافذ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و ضبط برقرار رکھنے کے لئے مستحکم پولیس بندوبست تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ امتحان مکمل طور پر پر سکون ماحول میں منعقد ہوسکے۔ ضلع بھر میں مقرر کردہ امتحانی مراکز میں سدھارتھ ماڈل ہائی اسکول (A اور B سنٹر)، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میدک، گیتا ہائی اسکول چِلڈرن پارک میدک، زیڈ پی ایچ ایس بوائز اسکول (آر ڈی او آفس کے عقب میں) نرساپور، اور منجیرہ ودیالیہ (A سنٹر) رامائن پیٹ شامل ہیں۔ ایس پی نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز سے 500 میٹر کے اندر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی رہے گی، جبکہ ان مراکز کے قریب موجود انٹرنیٹ سینٹرز اور زیروکس دکانیں بند رکھنا لازمی ہوگا۔
