حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری(سیاست نیوز) جواہر نگر پولیس نے سنسنی خیز قتل کیس کو حل کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا تاہم سازشی خاتون مفرور ہے جو مقتول کی بیوی بتائی گئی ہے ۔ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے بیوی نے عاشق کے ساتھ سازش رچی تھی اور شوہر کا قتل کروایا تھا ۔ 28 جنوری کو جواہر نگر پولیس نے کوکور فاریسٹ علاقہ سے ایک نامعلوم نعش کو دستیاب کیا تھا بعد میں اس کی شناخت کرلی گئی جو 35 سالہ سنڈری سوامی کی بتائی گئی ۔ سوامی پیشہ سے کیاب ڈرائیور تھا جو کاپرا علاقہ میں رہتا تھا ۔ سوامی کی بیوی کاویا مفرور ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 26 سالہ کے پرنئے کمار ساکن سدی پیٹ ، 23 سالہ روہت ساکن نظام آباد اور 25 سالہ ناگیش کو گرفتار کرلیا ۔ پرنئے کاویا کا عاشق ہے ۔ دونوں میں ایک سال سے معشوقہ تھا اور کاویا نے پرنئے کی محبت میں اس کو رقمی مدد بھی کی تھی ۔ 6 تولہ طلائی زیورات کے علاوہ 5 لاکھ روپئے نقد رقم دی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ کاویا خوش کرنے کیلئے پرنئے کو لون ایپ کے ذریعہ تین لاکھ روپئے قرض حاصل کرتے ہوئے حوالے کیا تھا ۔ اس دوران خاتون کے شوہر سوامی کو بیوی کے کردار پر شک ہوا اور اس بات پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا تھا اور اس نے بیوی کو انتباہ دیا تھا ۔ ناجائز تعلقات کو نبھانے میں کاویا کیلئے اس کا شوہر رکاوٹ بن رہا تھا جس کے بعد اس نے اس رکاوٹ کو دور کرنے کا منصوبہ بنایا اور عاشق پرنئے کے ساتھ سازش رچی ۔ پرنئے نے اپنے ساتھیوں روہت اور ناگیش کو اس سازش میں شامل کرلیا اور کیاب ڈرائیور سوامی کو کار چلانے کیلئے راضی کرلیا اور بہترین معاوضہ کی پیشکش کی اور کار لے کر نظام آباد روانہ ہوئے جہاں روہت کو حاصل کرنے کے بعد اور نظام آباد کے ایک مقام پر گاڑی روک کر شراب نوشی کیا۔ اس دوران سوامی کار میں سورہا تھا ۔ پرنئے اور روہت نے سوامی پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا اور اس کی نعش کو کوکور کے جنگلات میں پھینک دیا ۔ پولیس کاویا کو تلاش کر رہی ہے۔ ع