مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکہ پر عائد پابندی ختم اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر روک دی جائیگی
واشنگٹن: امریکی نومنتخبہ صدر جوبائیڈن چہارشنبہ کو اپنی صدارتی میعاد کا آغاز کریں گے، جس میں سب سے اہم پیرس موسمیاتی معاہدہ میں اور عالمی صحت ادارہ میں واپسی شامل ہے۔ ان کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اطلاعات کے مطابق بائیڈن جملہ 17 حکم ناموں پر دستخط کریں گے۔ حلف برداری کے فوری بعد دستخط کا عمل ہوگا اور ڈونالڈ ٹرمپ کی پرانی پالیسیوں کو موصوف ہمیشہ کیلئے الوداع کہہ دیں گے جن میں امیگریشن، ماحولیات، کووڈ۔ 19 سے لڑائی اور معیشت کی بحالی بھی اہم پالیسیاں ہیں جن پر جو بائیڈن نظرثانی کریں گے۔ جوبائیڈن کا وائیٹ ہاؤز میں پہلا دن سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا جہاں وہ اپنے پیشرو ٹرمپ کی جانب سے بعض مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی کو ختم کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ غیرقانونی تارکین کے امریکہ میں داخلہ کو روکنے کیلئے میکسیکو کی سرحد پر جو بہت بڑی دیوار تعمیر کرنے کی بات کہی گئی تھی، اس پر اب عمل آوری نہیں ہوگی۔ کووڈ۔ 19 کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ماسک کے استعمال کا لزوم، قدرتی ذخائر کا تحفظ (جسے ٹرمپ نے کالعدم قرار دیا تھا) بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں موصوف کانگریس کو ایک بل بھی روانہ کرنے والے ہیں جس کے تحت ایسے ہزاروں، غیرقانونی تارکین وطن جنہیں شہریت دینے سے ٹرمپ نے انکار کردیا تھا، انہیں شہریت دیئے جانے کی جانب پیشرفت کی جائے گی۔ جوبائیڈن کے قریبی ذرائع کے مطابق صدر موصوف نے صرف ان تمام پالیسیوں کو ختم کریں گے جنہیں لاگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ملک (امریکہ) کو غیرمعمولی نقصان پہنچایا بلکہ ملک کو مزید ترقی کی جانب لے جائیں گے۔