جوبائیڈن نے کملا ہیریس کو نائب صدارتی امیدوار بنایا

   

واشنگٹن۔ امریکی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے سنیٹرکملا ہیریس کو نائب صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ بائیڈن نے منگل کو کیلیفورنیا کی سابق اٹارنی جنرل کملا ہیریس کو نائب صدر بنانے کا یہ اعلان کیا۔ان کے نام کی توثیق ڈیموکریٹ کنونشن میں کی جائے گی۔ کملا ہیریس نائب صدارتی امیدوار کے لیے نامزد پہلی ڈیموکریٹ سیاہ فام شخصیت ہیں۔وہ کیلی فورنیا سے سینیٹر ہیں اور وہ ماضی میں جوبائیڈن پر کڑی تنقید کرچکی ہیں۔صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ ان کیلئے اعزاز ہے کہ انہوں نے کملا ہیریس کو چنا ہے ، کملاہیریس ملک کی عمدہ پبلک سرونٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے اور کملا ہیریس کو بڑے بنکوں سے لڑتے دیکھا ہے ، میں نے انہیں لوگوں کی زندگیاں بہتر بناتے دیکھا ہے ، میں نے اپنے بیٹے اور کملا کو خواتین اور بچوں کو استحصال سے بچاتے دیکھا ہے ۔ مجھے پہلے بھی فخر تھا اور آج بھی کملا کو نائب صدارتی امیدوار بناتے ہوئے فخر ہے ۔جوبائیڈن اور انکی نائب صدارتی امیدوار کملا ہیریس کل ایک تقریب سے خطاب کریں گے ۔ امریکہ کے صدارتی الیکشن 3 نومبر کو ہوں گے ۔ صدر ٹرمپ کا جوبائیڈن سے مقابلہ ہوگا۔