برطانیہ، امریکہ اور جرمنی سمیت پاکستان کی ہندوستانی حکام کو مدد کی پیشکش، ہندوستان سے امریکہ آنے والی تمام پروازوں پر پابندی
واشنگٹن ۔ کویت اور آسٹریلیا کے بعد امریکہ نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ہندوستانی شہریوں پر سفری پابندی لگا دی۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے ہندوستان میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور ہندوستانی شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔ جین ساکی کے مطابق ہندوستان سے امریکہ آنے والی تمام پروازوں پر پابندی ہوگی جب کہ پابندی کا اطلاق 4 مئی سے ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے پابندی کا فیصلہ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مرکز کے مشورہ پر کیا۔ امریکی شہریوں کے علاوہ ہندوستان سے کوئی بھی مسافر 14 روز تک امریکہ نہیں آسکتا۔ ہندوستان میں کورونا سے یومیہ 3 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ خانگی و سرکاری اسپتال مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ اسپتالوں میں بیڈز، وینٹی لیٹر اور آکسیجن کی شدید قلت ہے۔ کئی مریض آکسیجن نہ ملنے کے سبب ہلاک ہوگئے۔یاد رہے کہ اس وقت ہندوستان میں کورونا کی جو دوسری لہر آئی ہے اسے سونامی کانام دیا گیا ہے جس نے ہر خاص و عام کو متاثر کیا ہے۔