واشنگٹن: امریکہ کی سیاست میں تقریباً پانچ دہوں سے فعال جو بائیڈن نے 77 سال کی عمر میں صدر منتخب ہو کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ بائیڈن 6 مرتبہ سینیٹر رہ چکے ہیں اور اب انہوں نے ر ڈونلڈ ٹرپ کو ہرا کر ملک کے 46 ویں صدر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ جو بائیڈن نے عمر کے لحاظ سے ایک دلچسپ ریکاڈ بھی قائم کیا ہے۔ امریکہ کی تاریخ کے کم عمر ترین سینیٹر منتخب ہونے والے جو بائیڈن اب ملک کے بزرگ ترین صدر ہونے کا بھی شرف حاصل کرنے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ بائیڈن نے 1972 میں ریاست ڈیلاویئر سے سینیٹ کا الیکشن جیت کر محض 29 سال کی عمر میں قومی سطح پر اپنی آمد کا اعلان کیا۔ بائیڈن کو سب سے بڑی کامیابی اس وقت ملی جب وہ ساوتھ کیرولائنا کی ڈیموکریٹک پارٹی پرائمری میں 29 فروری کو اپنے تمام حریفوں کو پست کر کے صدارتی امیدوار بننے میں کامیاب رہے۔ بائیڈن امریکی عوام کیلئے ایک جانا پہچانا چہرہ ہیں کیونکہ وہ دو بار بارک اوبامہ کے دور اقتدار میں نائب صدر رہ چکے ہیں۔ اب 74 سالہ ٹرمپ کو ہراکر وائٹ ہاوس میں جگہ پانے والے بائیڈن امریکہ کی تاریخ میں اب تک کے بزرگ ترین صدر بن گئے ہیں۔تفرقہ انگیز عہد میں وہ اعتدال کی سیاست کے قائل ہیں لیکن موسمیاتی تبدیلی، نسل پرستانہ امتیاز اور طالب علموں کے قرضے پر ریلیف کے لیے وہ ہنگامی اقدامات کے عزائم کا اظہار کر چکے ہیں۔