جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں پانچ کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

   

تین ریاستی وزراء کا دورہ ، حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اقدامات کا وعدہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ سے قبل کانگریس کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے تین ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، جی ویویک وینکٹ سوامی اور ٹی ناگیشور راؤ نے آج جوبلی ہلز کے مختلف علاقوں میں 5.15 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ شیخ پیٹ وارڈ میں 315.90 لاکھ کے خرچ سے تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور، اسپورٹس پارک ، کمیونٹی ڈیولپمنٹ سنٹر اور سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا آغاز کیا۔ ہریجن بستی میں سی سی روڈ کی تعمیر کے کاموں کا آغاز کیا گیا۔ ریاستی وزراء نے وینگل راؤ نگر وارڈ میں 100.5 لاکھ کے صرفہ سے سی سی روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یوسف گوڑہ وارڈ میں 95.75 لاکھ کے صرفہ سے کمیونٹی ہال اور سڑک کی تعمیر کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوری اہم کاموں کی تکمیل کیلئے پانچ کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ کانگریس کی عوامی حکومت چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں جوبلی ہلز کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ گزشتہ 10 برسوں میں حیدرآباد شہر کی بستیوں اور کالونیوں کی ترقی کیلئے کئی پراجکٹس شروع کئے گئے ۔ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت نے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔ حیدرآباد میں پینے کے پانی کے مسئلہ کا مستقل حل تلاش کیا جائے گا اور صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوام اپنے مسائل کے لئے وزراء سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ پونم پربھاکر نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم اور راشن کارڈ کی تقسیم کی اسکیمات کے تحت جوبلی ہلز میں غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر جی ویویک وینکٹ سوامی اور ٹی ناگیشور راؤ نے جوبلی ہلز علاقہ کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ کئی علاقوں میں عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ تقریب میں میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، ڈپٹی میئر ایم سری لتا ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کلکٹر حیدرآباد داسری ہری چندنا اور کانگریس کے کارپوریٹرس نے شرکت کی۔1