کئی کالونیوں میں چکن ، مٹن و شراب کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کی ٹیمیں گھر گھر جاکر ووٹ کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ گھر میں کتنے ووٹرز ہیں اور گھر کے بڑوں کا فون نمبر حاصل کیا جارہا ہے اور جب پوچھا جارہا ہے کہ فون نمبر کی کیا ضرورت ہے تب انہیں بتایا جارہا ہے کہ ہمارے بڑے لیڈر سے آپ کی بات کروائی جائے گی اور ساتھ ہی ان سے گوگل پے ، فون پے نمبر دینے کو کہا جارہا ہے جس میں بہت جلد رقم آئے گی ۔ جس کے بعد ہی آپ اپنا ووٹ استعمال کریں ۔ قائدین اس مرتبہ ووٹ کے لیے رقم دینے کے بجائے گوگل پے ، فون پے ، پے ٹی ایم کا استعمال زیادہ کررہے ہیں اور ساتھ ہی بعض کالونیوں میں روزانہ چکن ، مٹن ، شراب تقسیم کی جارہی ہیں اور بہت جلد رقم کی بھی تقسیم کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ جس کے لیے فون نمبرات حاصل کرلیے گئے ہیں ۔ بعض ووٹرس ابھی تک انہیں رقم نہ ملنے کی شکایت کررہے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق بعض کالونیوں میں گھریلو اشیاء جیسے کوکر ، مکسر اور کرسیاں وغیرہ کی خریداری کے لیے ایک پیپر پر دکان کا نام اور اشیاء لکھ کر ووٹرز کو دیا جارہا ہے اس کے بعد وہ یہ سلپ لیجاکر دکان سے اشیاء خرید سکتے ہیں ۔ جوبلی ہلز حلقہ میں چار لاکھ سے زائد ووٹرس ہیں ان کے پتے حاصل کر کے بوتھ سطح پر انچارج کو مقرر کیا جارہا ہے اور انہیں ذمہ داری دی جارہی ہے جو ووٹرس کو نقد رقم یا گھریلو اشیاء دینے کی کوشش میں ہے ۔ سیاسی قائدین نے ہر طرح سے ووٹرس کو راغب کرنے کے لیے ہر طرح سے کوششوں کو تیز کردیا ہے اور ہر پارٹی اپنی کامیابی کے لیے اپنی پوری طاقت کا استعمال کررہی ہیں ۔۔ ش