جوبلی ہلز انتخابی مہم میں تیزی پیدا کرنے قائدین کو چیف منسٹر کی ہدایت

   

وزراء اور قائدین سے مشاورت، دیپاولی کے بعد اسٹار کیمپینرس کیلئے مہم کا شیڈول جاری ہوگا، مہم پر میناکشی نٹراجن کی نظر

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں پارٹی کی انتخابی مہم میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی اور یقین ظاہر کیا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کامیابی کی ضمانت ثابت ہوں گی۔ چیف منسٹر نے انتخابی مہم کے لئے بطور انچارج مقرر کئے گئے وزراء اور قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے جوبلی ہلز میں کانگریس کے موقف کا جائزہ لیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے جوبلی ہلز میں کانگریس کے حق میں دن بہ دن بڑھتی لہر پر مبنی سروے رپورٹس کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی امیدوار کے اعلان کے بعد سے کانگریس پارٹی کو بی آر ایس پر سبقت حاصل ہوچکی ہے ۔ حکومت اور پارٹی کی جانب سے مختلف اداروں کے ذریعہ سروے کا وقفہ وقفہ سے اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ عوامی ردعمل سے واقفیت حاصل ہو۔ چیف منسٹر نے عوام تک ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کی بہتر انداز میں تشہیر کے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا کے استعمال کی ہدایت دی۔ بی آر ایس کی جانب سے کانگریس کے خلاف سوشیل میڈیا میں شدت کے ساتھ مہم چلائی جارہی ہے جس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پارٹی کی سوشیل میڈیا ٹیم کو متحرک کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، باوجود اس کے مخالف مہم کا موثر انداز میں جواب دیا جائے تاکہ عوام میں کوئی الجھن نہ رہے۔ ریاستی وزراء جی ویویک وینکٹ سوامی ، ٹی ناگیشور راؤ اور پونم پربھاکر کی قیادت میں گزشتہ دو ماہ سے جوبلی ہلز میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ تینوں وزراء نے حلقہ کے تمام ڈیویژنس کے اہم علاقوں کا احاطہ کرلیا ہے اور مقامی سطح کے پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پولنگ بوتھ سطح کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے ہائی کمان کی جانب سے تیار کی گئی اسٹار کیمپینرس کی ٹیم کے تمام ارکان کو مہم میں شامل ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ دیپاولی کے فوری بعد اسٹار کیمپینرس کو مختلف علاقوں میں مہم کی ذمہ داری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ریاستی وزراء نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے درخواست کی ہے کہ وہ بھی اختتامی مرحلہ میں جوبلی ہلز کی انتخابی مہم میں حصہ لے تاکہ پارٹی کارکنوں اور خاص طور پر نوجوانوں میں جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی کل 21 اکتوبر آخری تاریخ ہے اور 22 اکتوبر کو پرچہ جات کی جانچ کی جائے گی۔ 24 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ حلقہ میں امیدواروں کے تعین کے بعد انتخابی مہم شدت اختیار کرلے گی۔ 11 نومبر کو رائے دہی مقرر ہے اور توقع ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں چیف منسٹر کے روڈ شوز کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کم از کم دو مرتبہ انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن بھی جوبلی ہلز کی انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور وقفہ وقفہ سے قائدین کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ میناکشی نٹراجن نے انتخابی مہم کے نگرانکار وزراء اور عوامی نمائندوں کو گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی ہدایت دی ہے۔1