مہم میں تیزی پیداکرنے مہیش کمار گوڑ کی ہدایت، چیف منسٹر کے انتخابی پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑنے جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم پر پارٹی کے سرکردہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھن ، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ ، جی ویویک وینکٹ سوامی، پونم پربھاکر ، لکشمن کمار ، ناگیشور راؤ کے علاوہ ارکان اسمبلی و کونسل اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف بلدی ڈیویژنس میں انتخابی مہم میں مصروف قائدین سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ سکریٹری انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبلی ہلز میں ہمہ جہتی ترقی کیلئے کانگریس پارٹی کی کامیابی ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں رائے دہندوں میں شعور بیدار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ربط قائم کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات کے بارے میں واقف کرایا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ جوبلی ہلز میں اپوزیشن کی الزام تراشی کا موثر جواب دینے کی ضرورت ہے کیونکہ بی آر ایس کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موثر انداز میں انتخابی مہم کے ذریعہ رائے دہندوں کو کانگریس کی تائید کیلئے تیار کیا جاسکتا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران پارٹی کے تمام اسٹار کیمپینرس کو جوبلی ہلز میں انتخابی مہم میں حصہ لینا چاہئے ۔ مہیش کمار گوڑ نے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ عوام بی آر ایس کے بیانات پر بھروسہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انچارج وزراء کی جانب سے گروپ میٹنگس کے انعقاد کے ذریعہ رائے دہندوں کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے وزراء اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے بلدی ڈیویژنس میں انتخابی مہم میں مصروف رہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے جوبلی ہلز میں چیف منسٹر کی جانب سے روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو وینگل راؤ نگر ، سوماجی گوڑہ ، بورہ بنڈہ اور ایرہ گڈہ علاقوں میں روڈ شو کریں گے۔ 4 نومبر کو شیخ پیٹ اور رحمت نگر جبکہ 5 نومبر کو شیخ پیٹ و یوسف گوڑہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ 8 نومبر کو 6 بلدی ڈیویژنس میں موٹر سیکل ریالی منظم کی جائے گی اور 9 نومبر کو شیخ پیٹ میں موٹر سیکل ریالی کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن سے نمائندگی کریں۔ 1