جوبلی ہلز اور اُپل کے عوام معیاری ہوا سے سانس لے رہے ہیں

   

چارمینار ، پیراڈائز اور بالا نگر کے عوام اطمینان بخش ہوا سے استفادہ کررہے ہیں ، رپورٹ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے صرف دو ایسے علاقے ہیں جہاں کے رہنے والے عوام تازہ صاف ستھری معیاری ہوا سے سانس لے رہے ہیں ۔ ان علاقوں کے نام جوبلی ہلز اور اُپل ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں آبادی کے ساتھ تیزی سے گاڑیوں اور صنعتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ شہر کے عوام گاڑیوں ، صنعتوں اور فیکٹری سے نکلنے والے دھویں سے پریشان ہیں اور اس دھویں سے عوام بالخصوص بچے اور ضعیف افراد گھٹن محسوس کررہے ہیں ۔ جس سے ماحول میں بڑے پیمانے پر فضائی آلودگی پھیلی ہوئی ہے ۔ شہر کے چند علاقوں میں عوام کو صاف ستھری ہوا حاصل ہے اور چند علاقوں میں ہوا کا معیار اطمینان بخش ہے ۔ چند دن قبل ہی تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ ( ٹی ایس پی سی بی ) نے ایر کوالٹی انڈیکس

(QAI)

رپورٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اور صاف ستھری ہوا جوبلی ہلز میں دستیاب ہے ۔ اپل ایک صنعتی علاقہ ہونے کے باوجود وہاں (گڈ ایر کوالٹی ) اچھی اور معیاری ہوا دستیاب ہے ۔ 7 ستمبر کو جوبلی ہلز اور اپل میں ہوا کا معیار 30 تا 50 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ۔ ستمبر کے پہلے ہفتہ کے دوران جوبلی ہلز میں ہوا کا معیار اچھی سطح پر تھا ۔ اسی وقت اپل میں ہوا کا معیار تسلی بخش رہا ہے ۔ ان دونوں علاقوں کے علاوہ بالا نگر ، پیراڈائز اور چارمینار کے علاقوں میں بھی ہوا کا معیار اطمینان بخش رہا ہے ۔ جب کہ جیڈی میٹلہ میں ہوا کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔ ہوا کا 0 تا 50 کے درمیان رہا تو اسے بہتر سمجھا جاتا ہے ۔ 51 تا 100 کے درمیان رہا تو اطمینان بخش کہا جاتا ہے ۔ 101 تا 200 کے درمیان رہا تو معمولی 201 تا 300 کے درمیان رہا تو غیر معیاری ، 301 تا 400 کے درمیان رہا تو حد سے زیادہ غیر معیاری کے ساتھ تشویشناک بھی تصور کیا جاتا ہے ۔۔ N