جوبلی ہلز اور تارناکہ علاقے بھی پولیوشن کا شکار

   

رہائشی علاقوں کی تشویشناک صورتحال ، گچی باؤلی سرفہرست
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں روز بروز پولیوشن میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب متعدد مقامات پر کوڑا کرکٹ کا انبار اور ناقص سڑکیں بھی مشکلات پیدا کردیں ہیں ۔ جس کی تازہ ترین مثال شہر کے پاش علاقہ جات جیسے جوبلی ہلز اور تارناکہ کی ہے جہاں کے رہائشی علاقوں میں اس طرح کی صورتحال دیکھی جارہی ہے ۔ یہ دو علاقے ان آٹھ علاقوں میں شامل ہیں جہاں تلنگانہ اسسٹنٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ ( ٹی ایس پی سی بی ) نے مسلسل پولیوشن پر نظر رکھا ہوا ہے ۔ بورڈ نے گذشتہ سال ماہ نومبر نے ان علاقوں میں دن اور رات کے دوران علحدہ علحدہ طور پر پولیوشن کو ریکارڈ کیا تھا ۔ بالخصوص تارناکہ علاقہ میں کمرشیل علاقوں کے بہ نسبت رہائشی علاقوں میں پولیوشن کو زیادہ ریکارڈ کیا ہے ۔ ان علاقوں میں دن اور رات کے دوران مواقعوں پر پولیوشن کو مساوی ریکارڈ کیا ہے اس کی اصل وجہ حالیہ عرصہ میں ان علاقوں میں تعمیرات میں اضافہ ہوا اور گاڑیوں کی آمد و رفت کافی حد تک بڑھ گئی ہے ۔ گچی باؤلی علاقہ میں اس وقت پولیوشن کے میدان میں سرفہرست ہے ۔ اسی طرح کمرشیل علاقے عابڈس اور جے این ٹی یو میں پولیوشن کی سطح کسی قد کم ہے ۔ جبکہ صنعتی علاقہ جیڈی میٹلہ اور صنعت نگر میں بھی پولیوشن کسی قدر قابو میں ہے ۔