ہوٹلیں بھر گئیں ، سڑکوں پر نعروں کی گونج ، مزدوروں کی چاندی، طلبہ کی بھی کمائی
حیدرآباد : 31اکٹوبر ( سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب نے جہاں سیاسی ماحول گرم کر رکھا ہے وہیں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین شہر حیدرآباد پہنچ گئے ہیں جس سے شہر کے تمام ہوٹلس فل ہوگئے ۔ سٹہ بازار بھی عروج پر پہنچ چکا ہے ، ساتھ ہی مزدوروں اور طلبہ کیلئے بھی انتخابی مہم کمائی کا سنہری موقع بن گئی ہے ۔ انتخابی مہم کیلئے صرف 10 دن باقی رہ گئے ہیں جس سے سیاسی جماعتوں نے اپنیی اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی نے اپنے وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دیگر اہم قائدین کو جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کا انچارج بنایا ہے اور انہیں مختلف ڈیویژنس میں انتخابی مہم چلانے کی ذمہ داری سونپی ہے جس سے تمام قائدین شہر پہنچ گئے ہیں اور یہیں قیام کرتے ہوئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں شہر کے تمام ہوٹلس فل ہوچکے ہیں ۔ ساری ریاست میں صرف ایک ہی اسمبلی حلقہ پر ضمنی انتخاب ہونے کی وجہ سے ساری توجہ جوبلی ہلز پر مرکوز ہوگئی ہے اور سٹہ بازی کا بازار بھی گرم ہوگیا ہے ۔ کانگریس اور بی آر ایس کی کامیابی پر سٹہ لگایا جارہا ہے ۔ تمام سیاسی جماعتیں ، ووٹرس تک رسائی کیلئے یومیہ اجرت مزدور اور طلبہ کی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں ، کوئی پوسٹر لگارہا ہے ، کوئی گھر گھر پہنچ کر ووٹرس کی تصدیق کررہا ہے ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے کرشنا نگر ، رحمت نگر ڈیویژنس میں کارمیکا نگر ، بورا بنڈہ ، سری نگر کالونی کے علاقہ ، مزدور ٹھہرنے کے مقامات ہے مگر اب یہاں کوئی مزدور نظر نہیں آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کیلئے ان مزدوروں کو یومیہ 400 تا 800روپئے اجرت دو وقت کا کھانا فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ۔ ہر سیاسی پارٹی ایک ہی دن 10 تا 12 مقامات پر ایک ساتھ انتخابی مہم چلا رہی ہے ۔ امیدوار کے بغیر پارٹی انچارجس اس میں شامل ہورہے ہیں ۔ ان کے ساتھ پارٹی کے چند کارکن اور زیادہ تر طلبہ اور مزدور پا ئے جارہے ہیں ۔ اگر ان کے پیچھے 100لوگ شامل ہیں اس میں 30 تا 40 مزدور ہیں ۔ انتخابی حکمت عملی میں سیاسی جماعتوں نے انٹرمیڈیٹ اور ڈگری طلبہ کو بھی شامل کیا ہے ، انہیں پولنگ بوتھ کی بنیادوں کی فہرست دی جارہی ہیں اور گھر گھر پہنچ کر ووٹرس کی موجودگی ، پتہ اور رابطہ نمبر کی تصدیق کی جارہی ہے ۔ یہ تفصیلات متعلقہ پارٹی یا امیدوار کو فراہم کی جارہی ہیں جس کے بعد IVRS کالس ، فون مسیجس کے ذریعہ رائے دہندوں کو متوجہ کیا جارہا ہے ۔ ان خدمات کے بدلے طلبہ کو یومیہ 1000 روپئے دیئے جارہے ہیں ۔ 2