انتظامات مکمل، 226 مراکز رائے دہی حساس، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔9۔نومبر۔(سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے لئے 11 نومبر کو ہونے والی رائے دہی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور 407 مراکز رائے دہی میں 226 مراکز رائے دہی کو حساس مراکز رائے دہی کے طور پر نشاندہی کرتے ہوئے ان مراکز رائے رائے دہی پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر آروی کرنن نے آج رائے دہی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی الکٹورل آفیسر و ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جاچکے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں جملہ 4لاکھ 1ہزار365 رائے دہندموجود ہیں جن میں 2لاکھ 8ہزار561مرد اور 1لاکھ 92ہزار779 خاتون رائے دہندے شامل ہیں۔مسٹر آروی کرنن نے بتایا کہ 139 عمارتوں میں 407 مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور مجموعی اعتبار سے ہر مرکز رائے دہی پر 986 ووٹ ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ انتخابات سے متعلق مختلف امور کی نگرانی کے لئے 19 نوڈل آفیسرس کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے جبکہ اخراجات کے علاوہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا جائزہ لینے کے لئے 45 ٹیمیں سرگرم ہیں۔انہو ںنے مزید بتایا کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں جملہ 2060 رائے دہی کے عملہ کو تعینات کیاگیا ہے جن میں 515 پریسائیڈنگ آفیسرس‘515 اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس کے علاوہ 1030 پولنگ آفیسر تعینات کئے جاچکے ہیں۔ مسٹر کرنن نے بتایا کہ رائے دہی کے لئے 561 کنٹرول یونٹ ‘ 2394بیالٹ یونٹ کے علاوہ 595 وی وی پیاٹ کا استعمال کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے اب تک 3کروڑ 60 لاکھ 50ہزار روپئے ضبط کئے گئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر کی پریس کانفرنس کے دوران جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس اور دیگر انتخابات سے متعلق عہدیدار موجود تھے ۔ 3