جوبلی ہلز سے وشنو ودرھن ریڈی نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا

   

ماگنٹی سنیتا کا پرچہ مسترد کروانے کی کوششوں سے نمٹنے بی آرا یس کا پلان بی تیار

حیدرآباد 19 اکٹوبر(سیاست نیوز) بی آ ر ایس جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں اپنی امیدوار کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کروانے کی کوششوں سے نمٹنے تیاریاں کر رہی ہے ۔ اسی سلسلہ میں سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی کو دوسرے امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کروایا ہے۔ الکٹورل آفیسر سے جاری تفصیلات کے مطابق متوفی رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کی اہلیہ ماگنٹی سنیتا نے سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کے ہمراہ اپنے پرچہ نامزدگی کے 2 سیٹس داخل کئے تھے لیکن بی آرا یس کو اطلاعات کے بعد ماگنٹی سنیتا نے سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی کے ہمراہ پہنچ کر اپنا تیسرا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ اسکے باوجود کانگریس کی جانب سے بی آر ایس امیدوارہ کے پرچۂ نامزدگی کو مسترد کروانے کی کوششوں کی اطلاعات پر بی آر ایس نے دوسرے امیدوار کے ذریعہ بھی پرچہ نامزدگی داخل کروانے کی حکمت عملی اختیار کرکے ان سازشوں کو ناکام بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ۔ سابق وزیر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے فرزندو سابق رکن اسمبلی مسٹر پی وشنووردھن ریڈی کو متبادل امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کروایا تاکہ ماگنٹی سنیتا کے پرچہ نامزدگی کو کسی وجہ سے مسترد کیا جاتا ہے تو پی وشنو وردھن ریڈی بی آر ایس کے امیدوار برقرار رہ سکیں۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کیلئے 13اکٹوبر کو اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے اور 21 اکٹوبر پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے اور 22 اکٹوبر کو پرچہ نامزدگی کی تنقیح ہوگی ۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 24اکٹوبر مقرر ہے اور 11 نومبر کو رائے دہی ہوگی۔3