طاقت کا احساس دلانے کا موقع ۔ پولنگ گھٹانے کی کوششیں
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز)مسلم رائے دہندوں کوحلقہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ کے استعمال میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے بلکہ ووٹ کو یقینی بناکر نتائج میں کلیدی کردار کو ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔ ضمنی انتخاب میں مسلمان اپنے ووٹ کی طاقت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ضمنی انتخابات میںتمام جماعتوں کی توجہ مسلمانوں کے ووٹوں پر مرکوز ہیں کیونکہ جوبلی ہلز میں مسلم ووٹرس کا قابل لحاظ تناسب کسی بھی امیدوار کی تقدیر کا فیصلہ کرسکتا ہے ۔ ماگنٹی گوپی ناتھ کی اچانک موت کے سبب ضمنی انتخاب میں امیدوار انتخابی مہم میں ووٹرس تک رسائی کے اقدامات کر رہے ہیں لیکن بیشتر امیدواروں کی توجہ مسلم ووٹرس پر ہے اور اگر مسلم ووٹر اپنے حق رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے علاوہ متحدہ ووٹ کا استعمال کرتے ہیں تو ان کی اہمیت برقرا ررہے گی ۔ ذرائع کے مطابق بعض گوشوں سے مسلم غالب آبادیوں میں رائے دہی کے فیصد کو کم کروانے منظم انداز میں سازش کی جار ہی ہے اور اس کو ناکام بنانے ضروری ہے کہ مسلم رائے دہندے ووٹ کے استعمال میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے زیادہ سے زیادہ پولنگ اور اپنے وجود اور طاقت کے مظاہرہ کو یقینی بنائیں تاکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کا احساس ہوجائے کہ اگر مسلم ووٹر کو نظر انداز کیا گیا تو ناکامی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ حلقہ جوبلی ہلز کے مختلف ڈیویژن غالب مسلم آبادی والے ہیں ۔اس بار مسلم آبادی والے علاقوں میں رائے دہی کے فیصد کو کم کرنے والی سازشوں کو ناکام بناکر مسلم رائے دہندوں کو چوکس رہنا چاہئے ۔3