جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کی تیاریاں عروج پر

   

127 پولنگ اسٹیشنس میں 407 پولنگ بوتھس ،1628 ای وی ایم رکھے جائیں گے

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کیلئے تیاریوں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ رائے دہی کیلئے صرف 12 دن باقی رہ گئے ہیں جس کے پیش نظر ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی کرنن کے علاوہ انتخابی مبصرین کی جانب سے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور انتظامات پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے ۔ انتخابی عہدیداروں اور عملہ کے ساتھ مسلسل اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں جملہ 127 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ان کے حدود میں 407 پولنگ بوتھ کو تیار کیا جارہا ہے ۔ ہر پولنگ بوتھ میں 4 کے حساب سے 1628 الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو رکھا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ 509 کنٹرول یونٹس 509 وی وی پیاٹس کو بھی دستیاب کرایا جارہا ہے ۔ ای وی ایم کی جانچ کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ رائے دہی سے ایک دن قبل انہیں کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم میں انتخابی عملہ کے حوالے کیا گیا ہے۔ پولنگ مراکز میں پینے کا پانی ، بیت الخلاء جیسی سہولتوں کو لازمی طورپر رکھنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ضرورت کے مطابق موبائیل ٹائلٹس کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انتخابات کو شفاف اور پر امن بنانے کے لئے بڑے پیمانہ پر سیکوریٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مرکزی سیکوریٹی فورسسںکی 8 کمپنیاں جوبلی ہلز کو پہنچ گئیں۔ ایک کمپنی میں 90 کے لحاظ سے جملہ 720 سیکوریٹی فورسیس موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ 1666 مقامی پولیس کو بندوبست کے انتظامات کیلئے تیار رکھا جارہا ہے ۔ ابھی تک 65 حساس پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسمبلی کے مختلف مقامات پر سنٹرل فورسس اور ریاستی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے اور اسمبلی حلقہ کے بارڈرس پر بڑے پیمانہ پر چیکنگ کی جارہی ہے۔2