پارٹی حلقوں کا تجسس ختم۔ کے ٹی آر نے سنیتا کی امیدواری کا اعلان کیا
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جوبلی ہلز صمنی انتخاب بی آر ایس امیدوار کو لے کر جو تجسس تھا وہ ختم ہوگیا ۔ پارٹی کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے آنجہانی رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کی شریک حیات سنیتا کو پارٹی سے انتخابی میدان میں اتارنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں ایرہ گڈہ ڈیویژن کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔ کے ٹی آر ابھی تک ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے اجلاسوں میں آنجہانی رکن اسمبلی کی شریک حیات کو اپنے ساتھ رکھ رہے تھے ۔ آنجہانی قائد کے ارکان خاندان کا ساتھ دینے کی پارٹی کارکنوں سے اپیل کررہے تھے مگر جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں آنجہانی رکن اسمبلی کی شریک حیات کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے نتائج ایک طرف تھے مگر گریٹر حیدرآباد کے عوام نے بی آر ایس پارٹی پر اپنا بھروسہ جتایا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کو عالمی سطح پر ترقی دینے پر عوام نے تمام حلقوں پر بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے ۔ مخالفین کی جانب سے گمراہ کن مہم چلانے کے باوجود اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے عوام نے بی آر ایس کے امیدوار ایم گوپی ناتھ کو مسلسل تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے ۔ ناسازی صحت کے باعث وہ ہمارے درمیان نہیں رہے مگر ان کی خدمات کو جاری رکھی جائے گی ۔ بی آر ایس پارٹی ضمنی انتخاب میں ان کی شریک حیات سنیتا کو امیدوار بنایا جائے گا ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے عوام کو انہیں آشیرواد دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ آنجہانی قائد کے جو بھی ادھورے کام ہیں وہ ان کی شریک حیات پورا کرے گی وہ بھی اس حلقہ پر خصوصی توجہ دیں گے ۔۔ 2