جوبلی ہلز ضمنی انتخاب ‘ انتخابی مہم کے ساتھ سٹہ بازار بھی عروج پر

   

پرچہ نامزدگی تک 500 کروڑ داؤ پر تھے ، نتائج تک 1200 کروڑ پہنچ جانے کا امکان
حیدرآباد : /6 نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخاب نے جہاں سیاسی سرگرمیوں کو عروج پر پہنچا دیا ہے ۔ وہیں بٹنگ کے جنون نے سارے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک تقریباً 500 کرو ڑ روپئے کی سٹہ بازی ہوچکی ہے ۔ نتائج کے اعلان تک یہ رقم 1200 کروڑ روپئے تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ انتخابی عمل کے آغاز کے ساتھ ہی بٹنگ گروپس نے سرگرمیاں تیز کردی ہیں ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امکانات کا اندازہ لگانے کیلئے منظم ٹیمیں تشکیل دیئے گئے ہیں جو اپنے نجی سروے اور ووٹر تجزیات کی بنیاد پر شرطیں لگارہے ہیں۔ بنجارہ ہلز ، مادھاپور ، کونڈہ پور ، منی کنڈہ کے علاوہ کھمم ، سوریا پیٹ ، وجئے واڑہ ، گنٹور اور پرکاشم کے بٹنگ سرکلس میں غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی جارہی ہیں ۔ رپورٹس کے مطابق امیدواروں کے اعلان سے پہلے ہی 50 کروڑ روپئے سے زائد کی بٹنگ ہوچکی تھی ۔ حکمران جماعت کے امیدوار کو برتری ملنے کی امید پر بڑی رقمیں لگائی گئی ۔ جبکہ اب مقابلہ سخت اور کانٹے کا ہوتے ہی نئی شرطوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب اب صرف سیاست نہیں بلکہ ایک بڑا مالیاتی کھیل بن چکا ہے ۔ یہاں ووٹ سے زیادہ پیسہ گردش کررہا ہے ۔ مجموعی طور پر جوبلی ہلز کا ضمنی انتخاب عوام کے ساتھ ساتھ سٹہ کے ماہرین کیلئے بھی اعصاب کی جنگ بن گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بٹنگ میں کامیابی کے امکانات بڑھانے کیلئے کچھ گروپس نے پروفیشنل سروے ایجنسیوں کی خدمات سے استفادہ کیا ہے ۔ یہ ایجنسیاں مقامی ووٹرس کے رجحانات ، ووٹ بینک اور علاقے کے سیاسی فضاء پر مبنی رپورٹس تیار کررہی ہیں ۔ ایسے سروے کی فیس 70 ہزار سے 2 لاکھ روپئے تک بتائی جارہی ہے ۔ آندھراپردیش کے عوام حیدرآباد میں مقیم اپنے دوست و احباب سے فون پر تازہ معلومات حاصل کرکے شرطیں لگارہے ہیں ۔ دوسری جانب محکمہ ایکسائیز کے مطابق انتخابی جوش و خروش کے سبب شراب کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ جس کے نتیجے میں محکمہ ایکسائیز کی آمدنی نے گزشتہ ایک ماہ میں بھاری آمدنی درج کی ہے ۔ انتخابی مہم کیلئے صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں ۔ /9 نومبر کو شام 5 بجے انتخابی مہم کا اختتام ہوگا ۔ /11 نومبر کو رائے دہی مقررہے جبکہ /14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ نتائج جاری ہوں گے ۔ 2