این سی پی امیدوار محمد انور کی اچانک موت ، 78 ووٹ حاصل کئے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے نتائج سے چند گھنٹے قبل ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ جہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے امیدوار محمد انور ( 40 ) اچانک زندگی کی بازی ہار گئے ۔ انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی ۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے قبل ان کی موت واقع ہوگئی ۔ جس سے سیاسی حلقوں میں غم اور صدمہ کی لہر دوڑ گئی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم میں ووٹوں کی گنتی کا انتظار کررہے تھے ۔ انور مسلسل ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور جیسے جیسے گنتی کا وقت قریب آرہا تھا ان کی اضطرابی کیفیت بڑھتی جارہی تھی ۔ اس دوران انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی ۔ جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ۔ جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں مردہ قرار دیا ۔ انور کی موت نے ان کے اہل خانہ اور سیاسی حلقوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا ۔ وہ ایرہ گڈہ کے لال نگرمیں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مقیم تھے ۔ اور مقامی سطح پر فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہا کرتے تھے ۔ دوسری جانب جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے اور انہیں 78 ووٹ حاصل ہوئے ۔ مگر انور کی ناگہانی موت نے انتخابی ماحول کو سوگوار بنادیا ۔۔ 2