جوبلی ہلز ضمنی انتخاب ‘ کیا مجلس ۔ کانگریس میںمفاہمت ہوگی ؟

   

محمد اظہر الدین دوبارہ ٹکٹ حاصل کرنے کوشاں ۔ فہیم قریشی بھی مقابلہ کے خواہاں
حیدرآباد۔12۔جون(سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات میں کانگریس اور مجلس میں مفاہمت ہوگی! 2023 اسمبلی انتخابات میں مجلس نے کانگریس کی شدت سے مخالفت کی تھی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو آرایس ایس ایجنٹ اور آر ایس ایس ٹلو قرار دیا تھا لیکن کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سے مجلس اور کانگریس کے تعلقات بہتر نظر آنے لگے ہیں اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے قریب آچکی ہیں اور اب جبکہ جوبلی ہلز رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کی موت ہوچکی ہے تو جوبلی ہلز میں ضمنی انتخابات کا ماحول تیار ہونے لگا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ کانگریس اقلیتی قائد کو دوبارہ اپنا امیدوار بناسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کپتان محمد اظہر الدین جو کہ 2023 اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر شکست سے دوچار ہوئے تھے وہ دوبارہ ٹکٹ پانے کی کوششوں کا آغاز کرچکے ہیں جبکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے قریبی سمجھے جانے والے محمد فہیم قریشی بھی جوبلی ہلز سے مقابلہ کے خواہاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگر فہیم قریشی کو ٹکٹ دیا جاتا ہے تو مجلس جوبلی ہلز سے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارے گی ۔ بلدیہ حیدرآباد کے کوٹہ میں ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس اور مجلس میں مفاہمت کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں بھی دونوں کے درمیان اتحاد کے امکانات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بی آرایس قائدین کا کہناہے کہ بی آ ر ایس متوفی رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کے ارکان خاندان میں کسی کو امیدوار بناسکتی ہے کیونکہ بی آ ر ایس کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ اپنے متوفی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان کوہی امیدوار بناتی ہے۔ موجودہ اسمبلی میں سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ سے 2023 اسمبلی انتخابات میں جی لسیا نندیتا حادثاتی موت کا شکار ہونے کے بعد بی آر ایس نے ان کی بہن کو میدان میں اتارا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی جبکہ جی سائنا کی موت کے بعد بی آ ر ایس نے ان کی دختر جی لسیا نندیتا کو امیدوار بنایا تھا ۔ 2023 انتخابات میں محمد اظہر الدین کے مقابلہ میں مجلس نے شیخ پیٹ کارپوریٹر محمد فراز کو امیدوار بنایا تھا ۔ بی جے پی امکان ہے کہ ایل دیپک ریڈی کو ہی دوبارہ اپنا امیدوار بنائے گی۔3