جوبلی ہلز ضمنی انتخاب 48.49 فیصد پولنگ 192 مراکز پر فیصلہ کن ووٹنگ

   

ایگزٹ پولس ایک طرف ۔ زمینی اعداد و شمار کچھ اورکہتے ہیں ۔ آج ہوگا اصل امتحان
حیدرآباد : /13 نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کے اعداد و شمار نے دلچسپ صورتحال پیدا کردی ہے ۔ اسمبلی حلقہ کے جملہ ووٹرس میں سے تقریباً نصف نے ووٹ ڈالا ہے ۔ جبکہ مختلف ڈیویژنس میں پولنگ کی شرح میں نمایاں فرق دیکھا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 48.49 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ جن میں 34 پولنگ مراکز میں 60 فیصد سے زیادہ پولنگ ہوئی ہے ۔ 192 پولنگ مراکز میں 50 فیصد سے زیادہ پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے ۔ جہاں ووٹرس کی تعداد بھی خاصی زیادہ ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں پولنگ مراکز سے انتخابی نتیجے کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ جس کے تناظر میں مقابلہ کرنے والے امیدوار ایگزٹ پولس پر بھروسہ کرے بغیر اپنے ووٹ بینک کی بنیاد پر تجزیہ کررہے ہیں اور پولنگ بوتھس کے اعداد و شمار کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے حدود میں وینگل راؤ نگر ، بورا بنڈہ ، یوسف گوڑہ ، ایرا گڈہ ، شیخ پیٹ ، رحمت نگر ڈیویژنس اور سوماجی گورہ ڈیویژن کے کچھ حصے شامل ہیں جہاں 4 لاکھ ووٹرس ہیں ۔ جن میں تقریباً نصف ووٹرس نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ رحمت نگر ڈیویژن کے 15 پولنگ بوتھس بورہ بنڈہ ڈیویژن کے 13 ، ایرہ گڈہ کے 3 پولنگ بوتھس اور وینگل راؤ نگر کے ایک پولنگ بوتھ پر 60 فیصد سے زیادہ رائے دہی ریکارڈ ہوئی ہے ۔ مجموعی طورپر 192 پولنگ مراکز میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے ہیں ۔ رحمت نگر ڈیویژن میں 73 ، بورا بنڈہ ڈیویژن میں 47 ، ایرا گڈہ ڈیویژن میں 30 ، شیخ پیٹ ڈیویژن 19 ،یوسف گوڑہ ڈیویژن 10 ، سوماجی گوڑہ ڈیویژن میں 9 اور وینگل راؤ نگر ڈیویژن میں 4 پولنگ بوتھس شامل ہیں ۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے کم پولنگ درج ہونے والے مراکز شیخ پیٹ ، یوسف گوڑہ اور وینگل راؤ نگر ڈیویژنس ہیں ۔ بالخصوص وینگل راؤ نگر ، یوسف گوڑہ ڈیویژنس کی کالونیوں میں بہت کم لوگوں نے ووٹ ڈالا ہے ۔ ایگزٹ پولس کے تجزیوں میں آگے رہنے والے کانگریس پارٹی کے امیدوار نوین یادو نے 217 ویں پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا ہے ۔ جہاں سب سے کم 28.61 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے ۔ جبکہ بی آر ایس کی امیدوار ایم سنیتا نے 290 ویں پولنگ مرکز پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ جہاں 32.82 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے اور 301 ویں پولنگ بوتھ پر بی جے پی کے امیدوار دیپک ریڈی نے ووٹ ڈالا ہے ۔ جہاں 41.86 فیصد پولنگ درج ہوئی ہے ۔ بورا بنڈہ ڈیویژن کے راج نگر میں واقع 334 ویں پولنگ بوتھ پر سب سے زیادہ 72.78 فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔ سیاسی مبصرین کے مطابق زیادہ ٹرن آؤٹ والے 192 پولنگ مراکز ہی جیت کا فیصلہ طئے کریں گے ۔ ایگزٹ پولس کے برعکس زمینی اعداد و شمار بتارہے ہیں کہ نتیجہ کسی بھی سمت جاسکتا ہے ۔ جمعہ کو دوپہر تک واضح ہوجائے گا کہ کون جیتا ہے اور کس کو شکست ہوئی ۔ رائے دہی کے اعداد و شمار بتارہے ہیں کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے جملہ 407 پولنگ بوتھس میں ایک پولنگ مرکز ایسا ہے جہاں 30 فیصد سے کم پولنگ ہوئی ۔ 30 سے 40 فیصد پولنگ 71 پولنگ مراکز میں ہوئی ۔ 40 سے 50 فیصد پولنگ 143 پولنگ بوتھس میں ہوئی ۔ 50 سے 60 فیصد پولنگ 158 پولنگ بوتھس میں ہوئی ۔ 60 سے 70 فیصد پولنگ 30 پولنگ بوتھس پر ہوئی جبکہ 70 سے 80 فیصد پولنگ 4 پولنگ بوتھس پر ہوئی ۔ 2