21 اکتوبر تک فارم داخل کرنے کی سہولت، ضابطہ اخلاق پر سختی عمل کیلئے الیکشن کمیشن کی مساعی
حیدرآباد۔ 12 اکتوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے لئے الیکشن کمیشن کل 13 اکتوبر کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری کرے گا جس کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے آزادانہ و منصفانہ انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ الیکشن نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 21 اکتوبر تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 22 اکتوبر کو برچہ جات کی جانچ ہوگی اور 24 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 11 نومبر کو ہوگی جبکہ 14 نومبر کو رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 19 اور 20 اکتوبر کو اتوار اور دیپاولی کی تعطیلات کے پیش نظر پرچہ جات نامزدگی قبول نہیں کئے جائیں گے۔ پرچہ جات داخل کرنے کے لئے امیدواروں کو دفتر ریٹرننگ آفیسر جوبلی ہلز، تحصیل آفس شیخ پیٹ سے رجوع ہونا ہوگا۔ فارم 2B کے ذریعہ پرچہ نامزدگی اور فارم 26 کے تحت حلف نامہ داخل کرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے قومی پارٹیوں کے طور پر عام آدمی پارٹی، بی ایس پی، بی جے پی، سی پی ایم، کانگریس اور نیشنلسٹ پیپلز پارٹی کی نشاندہی کی ہے۔ مسلمہ ریاستی پارٹیوں میں مجلس، بی آر ایس، تلگودیشم، وائی ایس آر سی پی شامل ہیں۔ امیدواروں کے لئے ڈپازٹ کے طور پر 10 ہزار روپے جمع کرنے ہوں گے جبکہ ایس ٹی اور ایس سی طبقہ کے امیدواروں کے لئے ڈپازٹ کی رقم 5 ہزار روپے ہوگی۔ امیدوار کی عمر 25 سال یا اس سے زائد ہونی چاہئے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے جملہ رائے دہندے 398982 ہیں جن میں 207367 مرد اور 191590 خواتین ہیں۔ سرویس ووٹرس کی تعداد 18 ہے جبکہ 95 این آر آئی ووٹرس ہیں۔ معذور ووٹرس کی تعداد 1891 ہے جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے 6052 رائے دہندے ہیں۔ جوبلی ہلز میں 139 مقامات پر جملہ 407 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے جائیں گے۔ حلقہ میں شیڈول کی اجرائی کے دن یعنی 6 اکتوبر سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ہیں جبکہ ریٹرننگ آفیسر سائی رام آر ڈی او سکندرآباد رہیں گے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی این گوپی ناتھ کے دیہانت کے سبب جوبلی ہلز میں ضمنی چناؤ منعقد ہو رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 1