غیر حاضر عہدیداروں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیار یوں کے سلسلہ میں الیکشن آفیسرس کے لئے ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے ٹریننگ کلاسس میں شرکت نہ کرنے والے الیکشن آفیسرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ضمنی چناؤ کے ریٹرننگ آفیسر سائی رام کو ہدایت دی گئی کہ وہ 12 سیکٹر آفیسرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کریں اور انہیں انتباہ دیا جائے کہ اگر وہ ٹریننگ کے آئندہ سیشن میں شرکت نہیں کریں گے تو انہیں خدمات سے معطل کردیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں منعقدہ ٹریننگ پروگرام میں 47 سیکٹر آفیسرس میں سے 35 نے شرکت کی تھی ۔ 38 سیکٹر پولیس آفیسرس میں 35 نے شرکت کی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے ریٹرننگ آفیرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر حاضر پولیس عہدیداروں کو نوٹس کی اجرائی کیلئے متعلقہ پولیس کمشنرس کو اطلاع دیں ۔ ٹریننگ سیشن میں الیکشن کی ذمہ داریوں خاص طور پر انتخابی مہم اور رائے دہی کے دن کے انتظامات سے واقف کرایا جائے گا۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں واقع پولیس اسٹیشنوں کا شخصی طور پر دورہ کرتے ہوئے بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیں۔ رائے دہندوں کے لئے صاف پینے کے پانی کی سربراہی، برقی کے موثر انتظامات اور فیانس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اسی دوران ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے جوبلی ہلز کی فہرست رائے دہندگان کے سلسلہ میں پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ تک عوام کو اپنے اعتراضات اور دعوے پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔ یکم جولائی 2025 کو 18 سال مکمل کرنے والے یا فہرست رائے دہندگان میں شمولیت سے محروم افراد فارم 6 کے ذریعہ فہرست میں شمولیت کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے قریبی پولنگ اسٹیشن کی فہرست کا جائزہ لیں تاکہ بعض پولنگ بوتھس کے ناموں کی منتقلی کا پتہ چلایا جاسکے۔1