جوبلی ہلز علاقہ میں جائیدادوں کی فروخت میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں جائیدادوں کی فروخت میں تیزی نے ریاستی حکومت کی اُمیدوں میں اضافہ کردیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ رئیل اسٹیٹ تاجرین بھی اس رجحان کو حوصلہ افزاء تصور کرنے لگے ہیں کیونکہ حالیہ عرصہ میں معاشی مندی کے سبب رئیل اسٹیٹ تجارت اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کافی حد تک مایوس کن رہی جس کی وجہ سے ریاستی حکومت کے خزانہ پر منفی اثرات ہوئے۔ جوبلی ہلز میں 1837 مربع گز کی ایک جائیدادکی فروخت نے ریاستی حکومت کے حوصلہ میں کافی اضافہ کیا ہے کیونکہ اس جائیداد کی فروخت کے لئے ادویات سازی کی ایک کمپنی کے مالک نے جملہ 2کروڑ 27 لاکھ کی اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی ہے اور 20 لاکھ روپئے رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کے ذریعہ رئیل اسٹیٹ شعبہ میں اچھال کی راہ ہموار کی ہے۔ جوبلی ہلز میں فروخت کی گئی اس جائیداد کی مجموعی قیمت 41کروڑ 30 لاکھ روپئے ادا کی گئی ہے اور اس جائیداد کا رجسٹریشن اور منتقلی 28جنوری کو ہوئی۔ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآبادکے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقو ں میںگذشتہ دو برسوں کے دوران جائیدادوں کی خرید و فروخت بری طرح سے متاثر رہی اور سال 2019 کے علاوہ 2020 کے دوران جائیدادوں کی خرید و فروخت میں کمی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے حیدرآباد کے اطراف و اکناف موجود سرکاری اراضیات کی فروخت کے ذریعہ 10 ہزار کروڑ کے حصول کا نشانہ رکھا اور سال 2020 میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے علاوہ رجسٹریشن پر عائد پابندیوں کے سبب رئیل اسٹیٹ شعبہ بُری طرح سے متاثر ہوا تھا۔