حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے رہائشی علاقوں میں بار اور پبس کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست کی آج سماعت ہوئی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 10 مختلف پبس کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے 31 ڈسمبر سے قبل پبس پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی۔ جوبلی ہلز کے رہائشی علاقوں میں پبس کے قیام کی اجازت کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی گئی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ 10 پبس ایسے ہیں جو مکمل طور پر آبادی والے علاقہ میں ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پبس کے قیام کی اجازت کس طرح دی گئی اس کی تمام تر تفصیلات کے ساتھ جوابی حلفنامہ داخل کرنے محکمہ ایکسائیز کو ہدایت دی گئی ہے۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 29 ڈسمبر کو ہوگی۔ جوبلی ہلز ریسیڈنشیل اسوسی ایشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری علاقوں میں پبس کے قیام سے عوام بالخصوص خواتین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ درخواست گذار نے شہری علاقوں میں قائم کردہ پبس کی تفصیلات پیش کی جن میں سے عدالت نے 10 کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ر