جوبلی ہلز میں آزاد امیدوار نوین یادو کانگریس میں شامل

   

حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز میں کانگریس کو آج تقویت ملی جب آزاد امیدوار نوین یادو نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ نوین یادو سابق میں مجلس کے ٹکٹ پر جوبلی ہلز سے مقابلہ کرچکے ہیں اور انہوں نے جاریہ الیکشن میں بطور آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نوین یادو نے محمد اظہر الدین سے ملاقات کی اور اظہر الدین نے انہیں کانگریس میں شمولیت کی ترغیب دی۔ نوین یادو نے بحیثیت آزاد امیدوار پرچہ نامزدگی واپس لے لیا اور ریونت ریڈی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ نوین یادو کی شمولیت سے جوبلی ہلز میں کانگریس کا موقف مستحکم ہوا ہے اور اظہر الدین کی امیدواری کو استحکام ملے گا۔ اسی دوران ایل بی نگر کے آزاد امیدوار کے راجی ریڈی نے کانگریس کی تائید کا اعلان کیا۔ پرچہ نامزدگی واپس لیتے ہوئے انہوں نے کانگریس امیدوار مدھو یاشکی گوڑ کی تائید کا اعلان کیا۔