جوبلی ہلز میں اتم کمار ریڈی کی پد یاترا، رائے دہندوں سے ملاقات

   

کئی وزراء نے بھی انتخابی مہم میں حصہ لیا، عوام میں غیر معمولی جوش و خروش
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں شدت اختیار کرچکی ہے۔ انتخابی مہم کے انچارج وزراء نے آج مختلف علاقوں میں پد یاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی اور کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کے سبب پارٹی امیدوار نوین یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے علاوہ وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ ، وزیر زراعت ناگیشور راؤ کے علاوہ پارٹی ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی نے جوبلی ہلز کے مختلف علاقوںکا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ اتم کمار ریڈی کی مہم کے دوران عوام میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ اور محمد اظہرالدین کے ہمراہ اتم کمار ریڈی اور پونم پربھاکر نے یوسف گوڑہ ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں سے ملاقات کی اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کے بارے میں واقف کرایا۔ اتم کمار ریڈی نے دوسہ کی ایک دکان پہنچ کر دوسہ تیار کیا اور مقامی افراد کو پیش کیا۔ دونوں وزراء کے دورہ کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اتم کمار ریڈی نے جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی نے رائے دہی سے قبل شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سروے رپورٹس کانگریس کے حق میں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کرشنا نگر اور دیگر علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 10 برسوں میں جوبلی ہلز کے عوام کی بھلائی اور علاقہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا۔ کانگریس حکومت نے محض 20 ماہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے نہ صرف راشن کارڈس جاری کئے بلکہ باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سفید راشن کارڈس کی تعداد 1.15 کروڑ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں 3.15 کروڑ افراد کو مفت باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی 85 فیصد آبادی ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات پر مشتمل ہے۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر شاد نگر کے رکن اسمبلی شنکریا ، اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین شیواسینا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔1