حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج شام جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں روڈ شو کے ذریعہ کانگریس امیدوار محمد اظہر الدین کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ بورا بنڈہ سے روڈ شو کا آغاز ہوا جو یوسف گوڑہ تک جاری رہا۔ ریونت ریڈی اور محمد اظہر الدین کا عوام نے والہانہ استقبال کیا اور سڑک کی دونوں جانب سینکڑوں افراد موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے علاقہ کی ترقی کیلئے محمد اظہر الدین کو امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے وہ ہمیشہ تیار رہیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے ملک بھر میں کرکٹ اسٹار کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے اظہر الدین کو امیدوار بنایا ہے جن کی حیدرآباد میں پرورش ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ علاقہ میں ترقی کیلئے محمد اظہر الدین کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔