جوبلی ہلز میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول قائم کرنے وزیر مال سرینواس ریڈی کا اعلان

   

حیدرآباد۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے جوبلی ہلز میں انتخابات کے تکمیل کے بعد حکومت کی جانب سے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کے قیام کا اعلان کیا۔ سرینواس ریڈی نے رحمت نگر ڈیویژن کے کارمیکانگر میں کانگریس کے انتخابی مہم میں حصہ لیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مال کی موجودگی میں بی جے پی یووامورچا کے جنرل سکریٹری سرینواس، بی آر ایس کے ڈیویژن سکریٹری ابراہیم اور ان کے حامیوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت تمام غریب طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس پر 20 تا 25 ایکر اراضی پر عالمی سطح کی سہولتوں کے ساتھ تعمیر کئے جائیں گے اور ہر اسکول پر 5 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے کئی علاقوں میں غریب اور متوسط خاندان بستے ہیں اور حکومت ان کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول قائم کریگی۔ انہوں نے ٹی آر ایس دور میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا الزام عائد کیا۔ 1