جوبلی ہلز میں ایک مکان 23 کروڑ 15 لاکھ روپئے میں فروخت

   

Ferty9 Clinic

جی وی کے گروپ کے صدر نشین جی وی کے ریڈی نے جائیداد خریدی
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) جی وی کے گروپ کے مالک جی وی کرشنا ریڈی نے جوبلی ہلز میں 6 ہزار 33 مربع گز پر مشتمل مکان 23 کروڑ15 لاکھ روپئے میں خریدا ہے اور اس لین دین سے انکشاف ہوا ہے کہ جوبلی ہلز میں اراضیات کی قیمت ایک لاکھ 60 ہزار روپئے مربع گز سے تجاوز کرچکی ہیں۔ 1447 مربع گز پر مشتمل اس مکان کی خریدی کیلئے جی وی کے ریڈی نے 23 کروڑ 15 لاکھ روپئے ادا کئے ۔ 16 جولائی کو اس جائیداد کی رجسٹری کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور اراضیات کی فروخت سے متعلق ایک ویب سائٹ نے اس معاملت کے دستاویزات کے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس جائیداد کیلئے حکومت کو خریدار سے ایک کروڑ 43لاکھ روپئے ادا کئے گئے ہیں جن میں 94.2 لاکھ اسٹامپ ڈیوٹی ہے جبکہ 35.26لاکھ منتقلی کے اخراجات کے طور پر ادا کئے گئے ہیں۔ 11.7لاکھ جی وی کے ریڈی نے رجسٹریشن کی فیس ادا کی ہے۔اسکے علاوہ میوٹیشن کیلئے 2.3لاکھ اور یوزر چارجس کے طور پر 210 روپئے اد ا کئے ہیں۔ اس معاملت کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حالیہ عرصہ میں یہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ شہر کے پاش علاقہ میں جائیدادوں کی قیمت میں اضافہ کو اس جائیداد کی فروخت سے ریکارڈکیا جارہا ہے۔ سال گذشتہ 26 جون کو بھی جوبلی ہلز میں ہی ایک جائیداد کی فروخت عمل میں آئی تھی جس کی قیمت 23 کروڑ ریکارڈ کی گئی تھی۔اس کے علاوہ جاریہ سال اپریل کے دوران بھی جوبلی ہلز میں 2644 مربع گز پر تعمیر کئے گئے ایک مکان کی فروخت عمل میں لائی گئی تھی جس کی قیمت 48کروڑ ریکارڈ کی گئی تھی اور ڈاٹاسنٹر کمپنی CtrIS کے مالک پی سریدھر ریڈی نے اس کو خریدا تھا۔اس کی معاملت کے دوران 1.93کروڑ بطور اسٹامپ ڈیوٹی ادا کئے گئے تھے علاوہ ازیں رجسٹریشن کیلئے 24.12 لاکھ روپئے ادا کئے گئے تھے ۔جوبلی ہلزکو آپریٹیو ہاؤزنگ سوسائیٹی میں اس جائیداد کو سوریہ نارائنا راجو نندیالہ نے فروخت کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جوبلی ہلز میں گذشتہ 5برسوں کے دوران جملہ 120 ایسی معاملتیں ہوئی ہیں جو کہ 10کروڑسے زیادہ کی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ سرکردہ کمپنیوں کے مالکین اور ان کے خاندانوں کے گہما گہمی سے دور وسیع و عریض مکانات میں قیام کے رجحان میں اضافہ ہو رہاہے جس کی وجہ سے جوبلی ہلز میں جائیدادوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ کمرشیل سے زیادہ رہائشی اغراض کے لئے جائیدادوں کے حصول پر توجہ دی جانے لگی ہے۔