جوبلی ہلز میں تھیلے سے مچھلی کے تاجر کی نعش دستیاب

   

اغواء کے بعد سنسنی خیز قتل، پولیس کو اغواء کنندوں کی تلاش

حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز ، کلیان نگر میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک مغویہ مچھلی کے تاجر کی نعش ایک بیاگ میں دستیاب ہوئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے اغواء کنندوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 45 سالہ پی رمیش تین دن قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں رمیش کے ارکان خاندان نے ایس آر نگر پولیس سے گمشدگی کی ایک شکایت درج کروائی تھی۔ پولیس نے اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا کہ رمیش کے رشتہ داروں کو اغواء کنندوں نے فون کر کے 90 لاکھ روپئے تاوان کا مطالبہ کیا اور رشتہ داروں نے رقم کی ادائیگی کی تیاری کرلی تھی لیکن آج جوبلی ہلز کے علاقہ کلیان نگر میں رمیش کی نعش ایک بیاگ میں دستیاب ہوئی ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس مقام واردات پر پہنچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اغواء کنندوں نے رمیش کا گلا کاٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں ہاتھ پیر باندھ کر نعش کو ایک بڑے بیاگ میں رکھ کر چھوڑ دیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اغواء کنندوں نے تاجر کا اغواء کرنے کے بعد ہی اس کا قتل کردیا تھا لیکن رمیش کے ارکان خاندان نے یہ الزام عائد کیا کہ پولیس نے اغواء کنندوں کا بروقت پتہ لگانے میں ناکام رہے ہیں جس کے نتیجہ میں اس کا قتل ہوا ہے۔ رمیش کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ اغواء کنندے انٹرنیٹ کے ذریعہ واٹس ایپ چیاٹنگ کر رہے تھے اور انہیں یقین دلایا گیا کہ رمیش ابھی زندہ ہے اور 90 لاکھ کی رقم ادا کرنے پر اسے رہا کردیا جا ئے گا ۔ پولیس ایس آر نگر نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اغواء کنندوں کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس قتل کے پیچھے سرینواس اور دیگر کا اہم رول ہوسکتا ہے۔