جوبلی ہلز میں حیدرا کی بڑے پیمانہ پر کارروائی

   

100 کروڑ مالیت کی 2000 مربع گز زمین کا حصول
حیدرآباد۔26۔اگسٹ(سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ’حیدرا‘ نے بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے 100 کروڑ مالیت کی 2000 مربع گز زمین حاصل کی ہے۔جوبلی ہلز کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائیٹی کی یہ انتہائی قیمتی اراضی جو جوبلی ہلز چیک پوسٹ کے قریب لب سڑک پر واقع ہے اس اراضی پر 2دہائیوں سے موجود قبضہ کو ’حیدرا‘ نے برخواست کروایا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جوبلی ہلز کوآپریٹیو ہاؤزنگ سوسائیٹی کی یہ اراضی لے آؤٹ میں عوامی مقاصد کے لئے استعمال کی جانے والی اراضی کے طور پر نشاندہی کی گئی تھی لیکن گذشتہ 2دہائیوں یعنی 20 سال سے اس پر کوئی عوامی سرگرمیاں یا سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں بلکہ اس اراضی پر ناجائز قبضہ کرلیا گیا تھا جسے ’حیدرا‘ نے برخواست کرواتے ہوئے 100 کروڑ کی مالیت کی یہ اراضی حاصل کرتے ہوئے اسے عوامی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ جوبلی ہلز ہاؤزنگ سوسائیٹی کے ذمہ داروں نے ’حیدرا‘ میں منعقد ہونے والے پرجا وانی پروگرام سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ پی ستیہ نارائن نامی شخص نے اس اراضی کے جعلی دستاویزات تیار کرتے ہوئے اراضی پر قبضہ کیا تھا اور اس اراضی پر پودوں اور درختوں کی فروخت انجام دی جارہی تھی۔ سوسائیٹی کے اراکین اور ذمہ داروں کی جانب سے پرجا وانی پروگرام کے دوران موصول ہونے والی شکایات کے بعد کمشنر ’حیدرا‘ اے وی رنگاناتھ نے اس معاملہ کی مکمل جانچ کے احکام دیتے ہوئے اپنی راست نگرانی میں دستاویزات کی تنقیح اور قبضہ کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس اراضی کا سروے منعقد کیا اور سروے کے بعد سوسائیٹی کے ذمہ داروں کی موجودگی میں 2000 مربع گز اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر موجود قبضوں کو برخواست کروانے کی ہدایت دی ۔ کمشنر ’حیدرا‘ کی ہدایات کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں ’حیدرا‘ کے عملہ نے سخت کاروائی کرتے ہوئے 20 سال سے موجود اس قبضہ کو برخواست کرواتے ہوئے یہ اراضی عوامی سہولتوں کے استعمال کے لئے سوسائیٹی کے اراکین اور ذمہ داروں کی موجود گی میں سوسائیٹی کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے ۔3