جوبلی ہلز میں ریونت ریڈی کا روڈ شو، ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل

   

بی جے پی اور بی آر ایس میں مفاہمت کا الزام ، شہر کی ترقی میں کے ٹی آر اور کشن ریڈی اہم رکاوٹ، روڈ شو سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 31 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان فیویکال کی طرح مضبوط مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ، کے ٹی آر اور کشن ریڈی تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا وینگل راؤ نگر سے آغاز کیا۔ انہوں نے وینگل راؤ نگر اور سوماجی گوڑہ میں روڈ شو کا اہتمام کیا اور عوام سے خطاب کیا۔ روڈ شو میں عوام کی کثیر تعداد شریک رہی اور جگہ جگہ چیف منسٹر کا استقبال کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی کو روکنے دونوں پارٹیوں نے مفاہمت کرلی ہے ۔ پارٹی امیدوار نوین یادو کو جوبلی ہلز کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے منتخب کرنے کی اپیل کرکے چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس رکن اسمبلی نے علاقہ کو نظر انداز کردیا تھا ۔ انہوں نے بی آر ایس کے حق میں ہمدردی کی لہر کے دعوے کو مسترد کردیا اور بی آر ایس قائدین کو یاد دلایا کہ 2007 میں جب پی جناردھن ریڈی کا دیہانت ہوا تو اس وقت بی آر ایس اور بی جے پی نے کانگریس امیدوار کے خلاف مقابلہ کیا تھا جبکہ چندرا بابو نائیڈو نے مقابلہ سے گریز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس کے حق میں کوئی لہر نہیں ہے اور عوام ترقی چاہتے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ میں جوبلی ہلز میں 200 کروڑ سے زائد کے کام منظور کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ اور حیدرآباد کی ترقی میں کشن ریڈی کو اہم رکاوٹ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد ایم پی کی حیثیت سے کشن ریڈی نے ایک مرتبہ بھی جوبلی ہلز کے مسائل جاننے کی کوشش نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے 10 برسوں میں جوبلی ہلز کا خیال کیوں نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کو کابینہ میں شامل کرنے پر بی جے پی اور بی آر ایس تنقید کر رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کرکٹ میں ہندوستان کی قیادت کرنے والے اظہرالدین کو وزارت میں شامل کرنے پر دونوں کو اعتراض کیوں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو ووٹ سے حکومت کی تمام اسکیمات کو خطرہ لاحق ہوگا۔ بی آر ایس چاہتی ہے کہ کانگریس حکومت کی غریبوں کیلئے شروع کردہ اسکیمات کو ختم کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کنٹونمنٹ میں کانگریس امیدوار شری گنیش نے کامیابی حاصل کی تھی ، اسی طرح جوبلی ہلز میں نوین یادو کو کامیابی حاصل ہوگی۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات کا ذ کر کرکے چیف منسٹر نے اظہرالدین اور نوین یادو کو ذمہ داری دی کہ وہ جوبلی ہلز کے غریبوں کی ہر ممکن مدد کریں اور علاقہ کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ آندھرائی ووٹرس کو راغب کرنے چیف منسٹر نے امیر پیٹ اور وینگل راؤ نگر میں آنجہانی این ٹی آر کے مجسمے نصب کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے فلم انڈسٹری سے وابستہ ورکرس اور ان کے بچوں کی بھلائی کا وعدہ کیا ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، وزراء ناگیشور راؤ ، ڈی سریدھر بابو ، محمد اظہرالدین اور پارٹی امیدوار نوین یادو نے بھی مخاطب کیا۔1