حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے علاقہ میں ایک سیکوریٹی گارڈ قتل کردیا گیا۔ مقامی عوام کی جانب سے بدبو کی شکایت پر پولیس نے کارروائی انجام دی اور ایک قدیم ہولڈنگ اور دیوار کے درمیان سے نعش کو برآمد کرلیا جس کی شناخت ویجلیش کمار کی حیثیت سے کرلی گئی۔ ویجلیش کمار کاچیگوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے جس کا تعلق اترپردیش سے تھا۔ دو ماہ قبل روزگار کی تلاش میں وہ اترپردیش سے حیدرآباد آیا تھا اور ایک سیکوریٹی ایجنسی میں ملازمت اختیار کرلی جس کی ڈیوٹی جوبلی ہلز روڈ نمبر 7 پر مقرر کی گئی جو گاڑیوں کی پارکنگ کے مقام پر ڈیوٹی کرتا تھا اور وہیں ایک روم میں رہتا تھا۔ 12 جولائی کو ویجلیش آخری مرتبہ دیکھا گیا جو 13 جولائی سے ڈیوٹی پر نہیں آیا۔ اس کے سوپروائزر نے اس سے رابطہ قائم کیا جو بے فیض رہا۔ پولیس نے بتایا کہ ویجلیش کا قتل کرنے کے بعد نامعلوم افراد نے اس کو ہولڈنگ کے قریب دفن کردیا۔ پولیس قتل کی وجوہات اور قاتلوں کا پتہ چلانے میں مصروف تحقیقات ہے۔
