حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا شیڈول جاری کیا ہے۔ 28 اگست تک اسمبلی حلقہ کے پولنگ اسٹیشنوں کا تعین کا کام مکمل ہوجائے گا۔ 2 ستمبر کو حلقہ کی فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا ۔ 2 ستمبر تا 17 ستمبر اعتراضات اور دعوے داخل کئے جاسکتے ہیں جن کی 25 ستمبر تک یکسوئی کی جائے گی ۔ 30 ستمبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 20 اگست 2025 تک جملہ رائے دہندوں کی تعداد 392403 درج کی گئی ہے جن میں 204165 مرد اور 188213 خواتین شامل ہیں۔ سرویز ووٹرس کی تعداد 18 ہے جبکہ 96 این آر آئز ووٹرس ہیں۔ معذور رائے دہندوں کی تعداد 1858 درج کی گئی جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندے 6049 ہیں۔ حلقہ میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 329 ہے۔ 1200 سے زائد ووٹرس والے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 183 ہے ۔ 1400 سے زائد ووٹرس کے 79 اور 1500 سے زائد ووٹرس کے 14 پولنگ اسٹیشن ہیں۔الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری میں حکام سے تعاون کریں۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے آج جی ایچ ایم سی کے آفس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے شیڈول سے واقف کرایا۔ اجلاس میں بی جے پی ، بی ایس پی ، عام آدمی پارٹی ، سی پی ایم ، کانگریس ، تلگو دیشم اور دیگر پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔اس میں کامیابی وقار کا مسئلہ سمجھی جارہی ہے ۔
1