ایک ایکر 5 گنٹہ اوقافی اراضی کے احکام جاری، اقلیتی اقامتی اسکول و جونیر کالج کا سنگ بنیاد، وزراء اور قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت نے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے اقلیتوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے قبرستان کے لئے شیخ پیٹ علاقہ میں ایک ایکر 5 گنٹہ اراضی مختص کرتے ہوئے آج الاٹمنٹ پیپرس مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی کے حوالے کئے گئے۔ ضمنی چناؤ میں مسلم قبرستان کے لئے اراضی کا الاٹمنٹ اہم مسئلہ بن چکا تھا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر تلنگانہ وقف بورڈ نے شیخ پیٹ میں واقع ایک غیر آباد مسجد کے تحت موجود اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبرستان میں رحمت نگر، ایرہ گڑہ، بورہ بنڈہ اور اطراف کے علاقوں کے میتوں کی تدفین کی سہولت رہے گی۔ قبرستان کے لئے اراضی الاٹمنٹ کے موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر، جی ویویک وینکٹ سوامی، صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، ٹمریز کے صدر نشین فہیم قریشی، اردو اکیڈیمی کے صدر نشین طاہر بن حمدان، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، مقامی کانگریسی قائد نوین یادو اور مقامی کانگریس اقلیتی قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزراء نے تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی جوبلی ہلز کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لئے اقدامات کرے گی۔ قبرستان کے لئے اراضی الاٹمنٹ کا طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا تھا جس کی تکمیل کی گئی ہے۔ اراضی کی باؤنڈری وال تعمیر کرتے ہوئے مکمل تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ قبرستان کے احاطہ میں میتوں کے غسل کا انتظام رہے گا اور مقامی ذمہ داروں کی کمیٹی انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ وزراء نے کہا کہ اراضی سے متصل پلاٹ کے سلسلہ میں بعض قانونی رکاوٹیں ہیں جنہیں دور کرکے قبرستان میں شامل کیا جائیگا۔ وزراء و عوامی نمائندوں نے ایرہ گڈہ میں اقلیتی اقامتی اسکول و جونیر کالج برائے گرلز کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار اور دیگر قائدین تقریب میں شریک تھے۔ مقررین نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے جہاں معیاری تعلیم کے علاوہ بہتر انفرااسٹرکچر سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ مقامی افراد نے قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کرنے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ وزراء پونم پربھاکر، لکشمن کمار اور جی ویویک وینکٹ سوامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقہ کی ترقی میں حکومت سے تعاون کریں۔ صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی نے قبرستان کے لئے اراضی الاٹمنٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1