مجلس کے امیدوار کے باوجود کامیابی کا یقین، چارمینار اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی مہم
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) شہر کے اسمبلی حلقہ جات جوبلی ہلز اور چارمینار میں کانگریس امیدواروں نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ سابق کرکٹر محمد اظہر الدین اور مجیب اللہ شریف نے پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی اور کانگریس کی کامیابی کی صورت میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا تیقن دیا۔ محمد اظہر الدین کو جوبلی ہلز کے رائے دہندوں کی جانب سے غیرمعمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا پدیاترا کے موقع پر نوجوانوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا جارہا ہے۔ جوبلی ہلز جہاں مسلم رائے دہندے فیصلہ کن موقف میں ہیں مجلس نے مسلم امیدوار کو میدان میں اتارا ہے تاکہ بی آر ایس کی کامیابی کی راہ ہموار ہوسکے۔ محمد اظہر الدین نے رائے دہندوں سے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں فرقہ پرستی کے خاتمہ کی جدوجہد کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ جو مہم شروع کی تھی اسے ملک بھر میں تائید حاصل ہوئی ہے۔ اظہر الدین نے کہا کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے پر وہ جوبلی ہلز کے عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کردیں گے۔ محمد اظہر الدین نے کئی سلم علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ انہیں یقین ہے کہ مجلس کے امیدوار کے باوجود رائے دہندے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ اسی دوران چارمینار اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف نے عوام سے اپیل کی کہ مجلس اور بی جے پی گٹھ جوڑ کو شکست دینے کیلئے کانگریس کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پرانے شہر کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اولڈ سٹی ڈیکلریشن کے ذریعہ نہ صرف پرانے شہر کی ترقی ہوگی بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔