لمحہ آخر میں رائے دہندوں سے ربط، ووٹ تقسیم کرنے کی کوششوں پر عوام میں ناراضگی
حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ اس مرتبہ تبدیلی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا سکتا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ اسٹار محمد اظہر الدین کو تمام طبقات کی جانب سے غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے اور انتخابی مہم کے آخری دن رائے دہندوں نے محمد اظہر الدین کو بھروسہ دلایا کہ وہ مطمئن رہیں کہ رائے دہندے ان کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں گے۔ مہم کے آخری دن محمد اظہر الدین نے مختلف علاقوں میں پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں ترقی اور خوشحالی کیلئے کانگریس کو ایک موقع دیا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اُترسکے۔ حلقہ میں مجلس کی جانب سے مسلم امیدوار کو میدان میں اُتارنے پر عوام میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ رائے دہندوں کا کہنا ہے کہ مجلس کو کوئی اور مسلم امیدوار کامیاب ہونا پسند نہیں ہے۔ اسی دوران انڈین یونین مسلم لیگ نے کانگریس کی غیرمشروط تائید کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ کے ریاستی صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ اور دوسروں نے جوبلی ہلز میں محمد اظہر الدین کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور مسلمانوں سے اظہر الدین کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ مسلم لیگ کے قائدین نے شہر کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس امیدواروں کی مہم میں حصہ لیا۔