فلاحی اسکیمات سے عوام مطمئن، کھمم میں سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ کو چیالنج کیا کہ وہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کے خلاف بیان بازی کے بجائے کے ٹی آر کو پارٹی کی طاقت کو ثابت کرنا چاہئے۔ کھمم ضلع میں مختلف پارٹیوں کے قائدین کی کانگریس میں شمولیت پر خطاب میں سرینواس ریڈی نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ پارٹی کی شکست کو محسوس کرکے ہوسکتا ہے کے ٹی آر امریکہ پر روانہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے اور اسے کامیابی حاصل ہوگی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز میں ضمنی چناؤ جب کبھی بھی ہوگا کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ کے ٹی آر کو ’ٹوئٹر ٹلو‘ قرار دیتے ہوئے سرینواس ریڈی نے سوال کیا کہ آیا کے سی آر پارٹی کیلئے کوئی ویژن رکھتے ہیں یا پھر بی آر ایس کو زوال کیلئے چھوڑ دیا جائے گا۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں عوامی مسائل کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرکے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے نئی ریاست میں روزگار اور معیار زندگی میں اضافہ کا خواب دیکھا تھا لیکن بی آر ایس نے صرف ایک خاندان کی بھلائی پر توجہ دی۔ بی آر ایس حکومت نے ہر سال ایک لاکھ مکانات کی منظوری کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق 10 لاکھ غریبوں کو مکانات دئے جانے تھے۔ مکانات اور ڈبل بیڈروم کے مسئلہ پر بی آر ایس نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ میں بھاری بے قاعدگیاں کی گئیں، یہی وجہ ہے کہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا۔1