جوبلی ہلز میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی 4 روزہ انتخابی مہم کی تیاریاں

   

بلدی حلقہ جات میں روڈ شو، وزراء کو گروپ میٹنگس اور گھر گھر ملاقات کی ہدایت
حیدرآباد۔ 26 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کے حق میں انتخابی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی 30 اکتوبر سے حلقہ کے مختلف بلدی ڈیویژنس میں روڈ شو کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کریں گے اور کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کی جانب سے 4 روزہ انتخابی مہم کا شیڈول تیار کیا جارہا ہے جس میں پارٹی کے اسٹار کیمپنرس بھی حصہ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر 30 اور 31 اکتوبر کے علاوہ 4 اور 5 نومبر کو جوبلی ہلز میں روڈ شو کے ذریعہ کانگریس امیدوار کے انتخابی مہم کو تقویت پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ شام کے اوقات میں روڈ شو اور جلسہ عام کی تیاری کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر ایک بلدی ڈیویژنس میں ایک یا دو مقامات پر چیف منسٹر عوام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے انتخابی مہم میں شامل ریاستی وزراء اور قائدین کے ساتھ مشاورت کی جس میں انتخابی مہم میں ان کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 4 روزہ مہم کے علاوہ بھی انتخابی مہم کے اختتام سے قبل چیف منسٹر ایک مرکزی روڈ شو کا اہتمام کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے بلدی ڈیویژنس کے انچارج وزراء اور عوامی نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کو ترجیح دیں اور محلہ واری سطح پر گروپ میٹنگس کا اہتمام کیا جائے۔ ہر ایک وزیر کے ساتھ 4 ارکان اسمبلی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین کو مہم کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ، جی ویویک وینٹ سوامی، پونم پربھارکر، ڈی انسویا سیتکا، اے لکشمن کمار اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی روزانہ مختلف طبقات کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی تائید کی اپیل کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کی قابل لحاظ تعداد کو دیکھتے ہوئے 28 اکتوبر کو فلم انڈسٹری سے وابستہ کارکنوں کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کئی اہم فلمی شخصیتیں حصہ لیں گی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ مختلف اداروں کے ذریعہ جوبلی ہلز میں سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ عوامی ردعمل حاصل کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ انتخابی مہم میں شامل وزراء اور عوامی نمائندوں سے تال میل برقرار رکھیں۔ 1