جوبلی ہلز میں کئی وزراء کا پیدل دورہ، رائے دہندوں سے ملاقات

   

ترقی اور فلاح و بہبود صرف کانگریس سے ممکن، پونم پربھاکر ، کونڈا سریکھا ، سرینواس ریڈی ، ناگیشو ر راؤ اور دوسروں نے کانگریس کی مہم چلائی
حیدرآباد ۔ 6 ۔نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے کئی ریاستی وزراء نے مختلف بلدی ڈیویژنس میں دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ ، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا ، وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی، وزیر مال پی سرینواس ریڈی، وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے پارٹی کے ارکان اسمبلی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ربط قائم کیا۔ وزراء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جوبلی ہلز کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ پونم پربھاکر نے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں رکن اسمبلی بی لکشما ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ مختلف علاقوں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے گھر گھر پہنچ کر خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت لاکھوں خواتین روزانہ آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کر رہی ہیں۔ غریب خاندانوں کو نئے راشن کارڈ جاری کئے گئے اور فی کس 6 کیلو باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ 200 یونٹ برقی یونٹ اور 500 روپئے میں گیاس سلینڈر کی سربراہی سے لاکھوں غریب خاندان استفادہ کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں 4000 اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی منظوری کا اعلان کیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے کاپو طبقہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے رحمت نگر ڈیویژن میں پد یاترا کی اور رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے ایرہ گڈہ ڈیویژن کے مختلف علاقوں فاطمہ نگر ، نیو سلطان نگر ، راجیو نگر جینتی نگر سری رام نگر ، نٹراج نگر میں پد یاترا کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام کو بلدی مسائل کی یکسوئی کا بھروسہ دلایا۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے وینگل راؤ ڈیویژن کے مدھورا نگر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی رام داس نائک اور چنا سری سیلم یادو موجود تھے۔ وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے یوسف گوڑہ ڈیویژن میں گھر گھر پہنچ کر خواتین سے ملاقات کی۔ میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی اور دیگر قائدین موجود تھے۔1