مجلس قائدین کی بی آر ایس میں شمولیت ، بے خوف ہوکر سنیتا کو ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد : 31اکٹوبر ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کار اور بلڈوزر کے درمیان مقابلہ ہے ۔ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں ریاست تلنگانہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔ آج تلنگانہ بھون میں مجلس کے چند قائدین نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ، انہیں گلابی کھنڈوا پہناتے ہوئے کے ٹی آر نے خطاب کیا اور ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے صرف کامیابی حاصل ہونے کیلئے کبھی پورے نہ ہونے والے وعدے کئے ، سماج کے تمام طبقات کو ہتھیلی میں جنت دکھایا ، غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا ، کالج کی طالبات کو اسکوٹی ، ضعیف افراد کو چار ہزار روپئے پنشن کے علاوہ 6ضمانتوں کے ساتھ 420 وعدے کئے ۔ حکومت کی تشکیل کے دو سال مکمل ہونے کے بعد کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ اب وقت آگیا ہے کہ وعدوں کی تکمیل کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کو شکست دیں اور بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جوبلی ہلز میںکانگریس کی شکست کا حکومت کو اندازہ ہوگیا ہے جس کے بعد ایک طرف رائے دہندوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے تو دوسری طرف ووٹ خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کانگریس سے پیسے لے لیں مگر ووٹ بی آر ایس کی امیدوار سنیتا کو دیں ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ دھمکیوں سے ہرگز خوفزدہ نہ ہوں بی آر ایس پارٹی مکمل ساتھ دے گی ، بے خوف ہوکر بی آر ایس کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں ۔ 2