صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام کا اعلان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ صرف ضمنی چناؤ میں نہیں بلکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی کے ساتھ مفاہمت برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور تلنگانہ جنا سمیتی میں انتخابی مفاہمت کی گئی تھی۔ یہ سلسلہ مجالس مقامی کے چناؤ میں بھی برقرار رہے گا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے جوبلی ہلز میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ دونوں پار ٹیوں کے درمیان انتخابی مفاہمت آگے بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات میں ان کی پارٹی کے بعض امیدواروں کی فہرست مہیش کمار گوڑ کے حوالے کی گئی تاکہ کانگریس پارٹی ان حلقہ جات سے اپنے امیدوار کھڑا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں دونوں پارٹیاں متحدہ طور پر مقابلہ کریں گی۔ کودنڈا رام کے مطابق مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ کے جہد کاروں کے ساتھ کئے گئے وعدہ کی تکمیل کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے تحت حکومت نے سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا آغاز کیا ہے۔1